کراچی: پولیس نے ناگن چورنگی کے قریب قتل ہونے والے آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔
کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب آن لائن ٹیکسی کے ڈرائیور کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ تیموریہ تھانے کی پولیس نے ٹیکسی سروس اوبر کے ڈرائیور 52 سالہ مرزا محمد شاہنواز کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ مقتول کو انتہائی قریب سے گولیاں ماری گئیں اور گاڑی سے 30 بور پستول کے 3 خول ملے ہیں۔ پولیس کے مطابق مقتول کو گاڑی میں سوار افراد نے ہی فائرنگ کرکے قتل کیا اور اس کے سر پر پستول کا بارود لگا ہونے کے بھی شواہد ملے ہیں۔ مقتول دو سال قبل پی آئی اے سے ریٹائرڈ ہوا تھا اور اس کے بیٹے کا کورنگی صنعتی ایریا میں فرنیچر کا اپنا کاروبار ہے۔ مرزا محمد شاہنواز کے اہلِ خانہ کے مطابق ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد میں بین الاقوامی کیب سروسز کے 2 ڈرائیورز کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کیا جاچکا ہے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔