کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران ساڑھے چار سال کے دوران عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں کیونکہ میاں برادران گزشتہ30 سال سے ملک اور قوم کو دھوکہ دے کر لوٹ مار کر تے رہے ہیں اور آج ان پر کرپشن سمیت دیگر کیسز زیر سماعت ہے ۔
اس پر انہیں سزا ملنی چا ہئے لیکن وہ کسی اور کیس میں جیل جانا چا ہتے ہیں تاکہ انگلی کٹوا کر شہیدوں میں ا پنا نام شامل کر سکے لیکن ہماری جماعت ایسا کرنے نہیں دے گی ان کے قول وفعل اور عمل کو عوام کے سامنے ایکسپوز کرے گی ۔
سی پیک منصوبہ پاکستان کے عوام کا ہے اس کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل ہونا چا ہئے تاکہ بلوچستان کو بھی اس کا حق مل سکے پارٹی چیئرمین عمرا ن خان27 مارچ کو کوئٹہ آرہے ہیں ۔
’’ آن لائن‘‘ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے چند ماہ اپنی مدت پوری کرنے کو رہ گئے ہیں انہوں نے تا حال ملک اور قوم کے مسائل کو حل نہیں کیا اور تمام سسٹم کو انہوں نے خراب کر دیا گیا ہے اور ایک بار پھر میاں برادران کو شش کر رہے ہیں کہ وہ سسٹم کو خراب کرکے اپنے آپ کو سزا سے بچا سکے لیکن پاکستان تحریک انصاف ان کے اس عمل کو کامیاب نہیں ہونے دینگے کہ وہ انگلی کٹوا کر شہیدوں میں اپنانام شامل کرے ان پر کرپشن سمیت دیگر کیسز ہے ۔
جس میں ملک اور قوم کے گزشتہ30 سال سے انہوں نے وسائل لوٹے ہیں اور ان کیسز میں ہی انہیں سزا ہونی ہے لیکن میاں محمد نوازشریف عدلیہ اور اداروں کے خلاف باتیں کر کے کسی اور جیل میں جانا چا ہتے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دینگے ۔
سینیٹ چیئرمین کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا بھی چیئرمین سینیٹ بنانے میں حصہ ہے اور پارٹی چیئرمین نے سیاسی طور پر ایک اچھا اقدام اٹھایا کیونکہ بلوچستان کے لاکھوں کی تعداد میں ووٹرز خان صاحب کے مشکور ہے کہ انہوں نے جمہوری سسٹم کو آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے منتخب کرانے میں اپنا کردا رادا کیا ہے ۔
چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے ہے اور وہ صوبے کے ایشوز اور مسائل کو بہتر طور پر جانتے ہیں بیشک ان کا کلیدی عہدہ ہے لیکن وہ صوبے کے مسائل کو حل اورجائز حقوق کے حصول کے لئے حکومت پر دباؤ ڈال کر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروا سکتے ہیں۔
آنے والے الیکشن میں سیاسی جماعتوں سے اتحاد کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستا ن تحریک انصاف نے تا حال کسی بھی سیاسی جماعتوں سے اتحاد کا فیصلہ نہیں کیا لیکن سیاست میں حرف آخر نہیں ہو تا اور نہ ہی ہمارے دروازے کسی کے لئے بند ہے ۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں ممبر سازی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور میری دعوت پر چیئرمین27 مارچ کو ممبر سازی کے حوالے سے کوئٹہ آرہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ممبر بنا کر بلوچستان بھر میں پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنائے ۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے بلوچستان کے ساحل ووسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی نہیں بنایا جسکی وجہ سے احساس محرومی بڑھا پی ٹی آئی بر سر اقتدار آکر صوبے کے وسائل کو قابل استعمال بنا کر بلوچستان اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی ۔
سی پیک کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے سی پیک منصوبے کے حوالے سے بلوچستان کو نظرانداز کیا اور اربوں روپے کے فنڈز پنجاب میں اوورنج ٹرین اور دیگر منصوبوں پر خرچ کر کے بلوچستان کے عوام کیساتھ زیادتی کی حالانکہ سی پیک کا منصوبہ بلوچستان کی سر زمین پر واقع گوادر پورٹ کے لئے تھا لیکن اس صوبے خطے اور گوادر پورٹ کو ہمیشہ نظرانداز کیا گیا ہے جس کی ہم مذمت کر تے ہیں ۔
حکمران بلوچستان کے مسائل حل کرنے میں بری طرح نا کام ہو چکے ہیں ،سردار یار محمدرند

وقتِ اشاعت : March 19 – 2018