|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2018

کراچی: بلوچستان میں مسلم لیگی دھڑوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے ناراض رہنماؤں نے متحدہ مسلم لیگ بلوچستان کے نام سے نئی سیاسی جماعت بنانے کاحتمی فیصلہ کرلیاہے۔نئی جماعت میں آزادہم خیال امیدوار،نیشنل پارٹی اور پختونخواملی عوامی پارٹی کے ناراض رہنماشامل ہوں گے۔

اس ضمن میں سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور مسلم لیگ ن کے ناراض رکن بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی نے ’’روزنامہ آزادی ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نئی سیاسی جماعت کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے مشاورت جاری ہے۔ 

نئی سیاسی جماعت میں مسلم لیگ ق ،مسلم لیگ ن،بغض پشتون رہنما اور نیشنل پارٹی کے بااثرسیاسی رہنما شامل ہیں۔وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجودورہ امریکاسے واپس آگئے ہیں۔ آج وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے تمام رہنماملاقات کریں گے۔ ان سے ملاقات اور تمام رہنماؤں کے مشترکہ اجلاس میں مشاورت کے بعدنئی سیاسی جماعت کا باقاعدہ اعلان کیاجائے گا۔

کراچی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے مختلف سیاسی رہنماؤں کی آمد کاسلسلہ جاری ہے۔وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجواور ناراض لیگی اور ہم خیال امیدواروں کی مشاورت سے پارٹی کے سربراہ کا فیصلہ کیاجائے گا۔

دوسری جانب وزیرداخلہ بلوچستان اور ن لیگ کے باغی رہنماسرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ نئی پارٹیعام روایتی پارٹیوں سے مختلف ہوگی۔ پارٹیکا باقاعدہ اعلان وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو ایک دو روز میں کریں گے۔ 

ذرائع کے مطابق نئی سیاسی جماعت میں جمالی اور مگسی خاندان کااہم کردارہوگا۔ نئی جماعت کی سربراہی سابق گورنربلوچستان نواب ذوالفقارمگسی کریں گے۔ کسی بھی وقت پریس کانفرنس کے ذریعے نئی جماعت کے باقاعدہ قیام کے اعلان امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی اور جے یو آئی(ف) کے الائنس کے ساتھ2018کے انتخاب میں حصہ لے گی۔