|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2018

کابل: افغانستان میں 24 گھنٹوں کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری آپریشن کے دوران اب تک 63 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

افغان خبر رساں ادارے کے مطابق نوروز کے موقع پر کابل یونیورسٹی اور علی آباد اسپتال کے نزدیک خود کش دھماکے اورہلمند میں کار بم دھماکے کے بعد سے سیکیورٹی فورسز نے افغانستان میں سرچ آپریشن کا فیصلہ کیا تھا جسے عملہ جامہ پہناتے ہوئے  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دہشت گردوں کی کمین گاہوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 63 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

افغان وزارت اطلاعات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھیں گے اور وہ جہاں ملیں گے وہیں انہیں ختم کردیں گے، امن کے دشمنوں کو نہتے عوام کے قتل عام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران آپریشن میں 63 دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچادیا ہے جن میں سے 14 داعش جنجگو بھی شامل ہیں۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ آپریشن افغانستان کے علاقے صوبہ ننگرہار، اووزگان، قندھار اور پکتیا میں کیے گئے۔ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے جنہیں دہشت گردی کی مختلف وارداتوں میں استعمال کیا جانا تھا۔ واضح رہے 21 مارچ کو کابل یونیورسٹی کے نزدیک دھماکے میں 29 افراد جب کہ 23 مارچ کو ہلمند میں کار بم دھماکے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور ان دونوں واقعات میں زخمیوں کی تعداد 50 سے زائد تھی۔