سڈنی: بال ٹیمپرنگ میں ملوث آسٹریلوی کرکٹرز اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کپتانی اور نائب کپتانی سے دستبردار ہوگئے۔
آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جیمز سدرلینڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر نے باقی میچ کے لیے کپتانی اور نائب کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑیوں کی جانب سے کی جانے والی بال ٹیمپرنگ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
گزشتہ روز کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے اس سنگین جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس حرکت میں ٹیم کی پوری قیادت ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی پوری قیادت نے سوچ سمجھ کر یہ کام کیا کیونکہ ہمارا خیال تھا کہ اس سے ہمیں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔
اعتراف جرم کے باوجود اسٹیون اسمتھ نے کپتانی چھوڑنے سے انکار کردیا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کی گئیں جس کے بعد کپتان اور نائب کپتان دونوں کو ہٹادیا گیا۔ اب کینگرو ٹیم کی قیادت ٹم پین کریں گے۔
یہ واقعہ ہفتے کے روز جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کیپ ٹاؤن میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پیش آیا۔ ٹی وی کیمروں نے آسٹریلوی کھلاڑی کو کسی پیلی چیز سے گیند کی ساخت خراب کرتے ہوئے پکڑا تھا، انھوں نے امپائرز سے چھپانے کے لیے وہ چیز اپنی پتلون میں ڈال لی۔