|

وقتِ اشاعت :   March 26 – 2018

کوئٹہ :  بلوچستان میں نئی سیاسی جماعت کا اعلان 27 مارچ کو کر دیا جائے گا نئی سیاسی جماعت میں حکومتی اتحادی مسلم لیگ (ق) مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ارکان اسمبلی و سیاسی رہنماء شامل ہونگے نئی سیاسی جماعت کے لئے بلوچستان عوامی پارٹی کے نام پر بیشتر ارکان متفق ہو گئے ۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان کے سینئر سیاستدان سعید احمد ہاشمی ‘ میر جان محمد جمالی ‘ سردار صالح بھوتانی ‘ میرسرفراز بگٹی 27 مارچ کو مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران نئی سیاسی جماعت کے نا م‘ منشور اورنئی پارٹی کے اغراض و مقاصد کا اعلان کریں گے ۔

ذرائع کے مطابق نئی سیاسی جماعت میں ماضی میں تواتر کے ساتھ کامیابی سے ہمکنار ہونے والے بیشتر ارکان اسمبلی اس اتحاد کا حصہ ہونگے مسلم لیگ (ن)سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے منحرف ارکان نے بھی نئی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا عندیہ دے دیا ۔

دوسری جانب اتوار کی شام وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کی صدارت میں حکومتی پارلیمانی ارکان کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ارکان اسمبلی کے علاوہ صوبائی وزراء سینئر سیاستدان سعید احمد ہاشمی ‘ میر جان محمد جمالی ‘ سردار صالح بھوتانی نے شرکت کی ۔

اجلاس میں پارٹی کے منشور سمیت دیگر تمام پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا ذرائع کے مطابق اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پارٹی سربراہ کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا تاہم 8 رکنی عبوری کمیٹی قائم کرکے نئی پارٹی کے تمام معاملات اور فیصلوں کا اختیار کیا جائے گا ۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بلوچستان میں بننے والی نئی سیاسی جماعت کو 2018ء کے انتخابات میں 10 سے 12 نشستیں جبکہ خواتین کی 3 اور اقلیت کی ایک نشست ملنے کا امکان ہے بلوچستان میں آئندہ انتخابات کے بعد بننے والی نئی حکومت کے لئے بھی بلوچستان میں نئی سیاسی جماعت کا اہم کردار ہوگا ۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق نواب ذوالفقار علی مگسی نئی سیاسی جماعت کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہو سکتے ہیں جبکہ اسپیکر شپ کے لئے میر جان محمد جمالی متفقہ امیدوار ہو سکتے ہیں نئی سیاسی جماعت بلوچستان میں حکومت سازی کے لئے پی ٹی آئی ‘ عوامی نیشنل پارٹی ‘ جمعیت علماء اسلام سمیت پیپلزپارٹی اورکامیاب ہونے والے آزاد ارکان کے ساتھ ملکربلوچستان میں مخلوط حکومت قائم کرنے کی پوزیشن میں ہوگی ۔