|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2018

کوئٹہ : وزیراعلیٰ کے مشیر ایکسائز وٹیکسیشن اور ٹرانسپورٹ میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے میری ایک بار پھر یہ اپیل ہے کہ وہ فوری طور پر محکمہ ایکسائز میں ہونے والی بھرتیوں کی انکوائری کریں اور غفلت برتنے پر ڈائریکٹر جنرل ایکسائز کو تبدیل کیا جائے۔

اگر وزیراعلیٰ نے بھرتیوں میں ہونے والی بے قاعدگیوں کا نوٹس نہیں لیا اور تحقیقاتی کمیٹی تشکیل نہیں دی تو میں مجبوراً اپنے عہدے سے مستعفی ہوجاؤں گا۔ یہ بات اُنہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ کے مشیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ میں بار بار اس بات کا تذکرہ کررہا ہوں کہ محکمہ ایکسائز میں ہونے والی بھرتیوں میں بے قاعدگیاں کی گئی ہیں اور میرٹ کو پامال کیا گیا ہے اور میری شنید میں یہ بات آئی ہے کہ ان بھرتیوں میں مبینہ طور پر لین دین بھی کیا گیا ہے ۔

لہٰذا وزیراعلیٰ اس بات کی تحقیقات کے احکامات جاری کریں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ایکسائز میں ہونے والی بھرتیوں میں بحیثیت مشیر مجھے اعتماد میں نہیں لیا گیا بلکہ مجھے یہ کہا گیا کہ مشیر کے کوئی اختیارات نہیں ہیں ۔

اگر مشیر کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے تو ایسا بے اختیار عہدہ رکھنے کا کوئی جواز نہیں اگر وزیراعلیٰ نے فوری طور پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر ڈائریکٹر جنرل ایکسائز کو تبدیل نہیں کیا تو میں اپنے اس بے اختیار عہدے سے مستعفی ہوجاؤں گا۔