|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2018

تمبو: سابق وزیراعظم ورکن قومی اسمبلی الحاج میر ظفراللہ خان جمالی نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی منتخب وزیراعظم نہیں بلکہ بنائے گئے ہیں وزیراعظم کی جانب سے سینٹ چیئرمین کے دوبارہ انتخاب کرانے کا مطالبہ غیر آئینی ہے ۔

ویسے سینٹ چیئرمین کا تعلق چھوٹے صوبے بلوچستان سے ہے اس لئے بہت سے لوگوں کو تکلیف ہو رہی ہے وزیراعظم نے حلف اٹھایا ہے اس لئے انہیں ایسی بات نہیں کرنی چائیے سندھ اور بلوچستان کو ہمیشہ اقتدار سے باہر رکھا گیا ہے ۔

میری مسلم لیگ سے خاندانی وابستگی رہی ہے لیکن اب ن لیگ سے کوئی وابستگی نہیں اب مسلم لیگ کو مختلف ناموں سے منسوب کر کے اصلی مسلم لیگ کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے متحدہ مسلم لیگ بلوچستان کا قیام لایا گیا تو ن لیگ کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی نواز شریف کے پچھلے اور موجود سیاسی حالات کا جائزہ لیا جاے تو نواز شریف کے مستقبل کا نتیجہ خود نکل آئے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر افیس ڈیرہ مراد جمالی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا اس موقع پر سابق صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی اور کمشنر نصیرآباد ڈاکٹر محمد سعید جمالی بھی موجود تھے ۔

میرظفراللہ خان جمالی نے کہا کہ ملک کی خدمت کے لئے نگراں وزیراعظم بنایا گیا تو خوشی کی بات ہوگی لیکن ایسا دیکھائی نہیں دیتا میں پاکستانی ہوں پاکستان ہے تو ہم ہیں امید پے دنیا قائم ہے لیکن موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر 2018 کے عام متوقع انتخابات دور تک نظر نہیں آتے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے ان حالات میں مسلم لیگ ن کے ساتھ نہیں ہوں مسلم لیگ ہماری بنیادی فیملی پارٹی رہی ہے مگر مسلم لیگ کو سب نے اپنی ذاتی پارٹی بناکر اس کے ساتھ آگے ایک لفظ لگاکر اپنی جاگیر بنادی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پہلی الیکشن پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر لڑی تھی اور میرے والد نے میرا ہاتھ بھٹو صاحب کے ہاتھ میں دیا تھا اور پی پی پی کے ساتھ بھی ہمارا تعلق رہا ہے میرظفراللہ خان جمالی نے کہا کہ نصیرآباد اور جعفرآباد کے عوام کی بھلائی کے لئے ہمیشہ کام کیا ہے اور ہمیشہ سے ہی عوام کی خدمت کی ہے اور آئیندہ بھی عوام کی خدمت کریں گے اور آنے والے 2018کے عام الیکشن میں نصیرآباد ،جعفرآباد کے عوام کی رائے سے ہی اچھے امیدوار سامنے لائیں گے ۔