لاہور: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نیب بھی دھاندلی کا حصہ ہے اگر کارروائی کرنا تھی تو پہلے کرتے۔
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے نادرا پاسپورٹ آفس کا افتتاح کیا۔ اس موقع خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں ہر الیکشن سے پہلے احتساب کا ڈرامہ کھیلا جاتا ہے اور پہلے بھی طاہر القادری کو الیکشن کے موقع پر لایا گیا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان مجھے (ن) لیگ کا ارسطو کہتے ہیں، اب عام آدمی میڈیا کی وجہ سے ارسطو بن چکا ہے، ہمارے بقراط اور سقراط ہر چیز کو سیاہ کررہے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگلا الیکشن عوام کا الیکشن ہوگا وہ ثابت کریں گے کہ 20 کروڑ عوام مزارع نہیں مالک ہیں، اب 2013 کے مقابلے میں 2018 کے پاکستان میں فرق ہے۔
انہوں نے نیب کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہاکہ کیا ساڑھے چار سال نیب نے خواب آور گولیاں کھائی ہوئیں تھیں؟ اگر نیب نے کارروائی کرنی تھی تو پہلے کرتے، نیب بھی دھاندلی کا حصہ ہے،ایک جماعت کے خلاف کارروائی انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں بے یقینی سے بچنا چاہیے، یہ وزیراعظم اور عوام کی فریاد ہے کہ خدا کے لیے ’پاکستان کو چلنے دو‘، 70 سال کے پرانے کھیل نہ کھیلنے دو۔