سوات: رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا ہے کہ انتقامی فیصلوں کے احترام کی توقع نہ رکھی جائے جب کہ اداروں کا سارا زور ہم پر چلتا ہے اور مشرف کو پکڑنے کی جرات نہیں۔
سوات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا تھا کہ سوات میں عوام کا سمندر نکل آیا ہے، مجھے خوشی ہے آج سوات نے بھی ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر لبیک کہہ دیا، جب یہاں روز لاشیں گرتی تھیں اور بم دھماکے ہوتے تھے تو وہ پرویز مشرف اور آصف زرداری کا پاکستان تھا لیکن آج دہشت گردی کے اندھیرے مٹ گئے ہیں، یہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا پاکستان ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جب خیبرپختونخوا میں سیلاب اور ڈینگی آیا، اس وقت عمران خان اور کے پی کے حکمران کہاں تھے، یہ لوگ مہرہ بن کر استعمال ہورہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں جو کچھ ہوا، کیا وہ آئین کے ساتھ مذاق نہیں، عمران خان کبھی کہتے ہیں نواز شریف ڈیل کر رہے ہیں اور کبھی کہتے ہیں سازشیں ہو رہی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں تاہم انتقامی فیصلوں کے احترام کی توقع نہ رکھی جائے، اداروں کا سارا زور ہم پر چلتا ہے اور مشرف کو پکڑنے کی جرات نہیں، پرویز مشرف مکا دکھا کر ملک سے باہر چلے گئے لیکن ملک کا آئین اور قانون توڑنے والے کو واپس لانے کی کسی میں جرات نہیں۔