|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2018

کوئٹہ: صدر ممنون حسین کی کوئٹہ آمد کے موقع پر شہر کے ایک بڑے حصے کو بند کیاگیا۔ سڑکوں، دکانوں اور مارکیٹوں کے علاوہ سرکاری و نجی اسکولوں اوربنیادی مراکز صحت کے مراکز کو بھی بند رکھا گیا۔

تفصیل کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین کی کوئٹہ آمد اور بروری روڈ پر واقع سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے 9ویں کانووکیشن میں شرکت کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

گورنر ہاؤس سے لیکر یونیورسٹی تک زرغون روڈ ،جعفرخان جمالی روڈ، وائٹ روڈ ، اسپنی روڈ، لنک بروری روڈ اور بروری روڈ کے علاقوں کو کئی گھنٹوں تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا۔

ان سڑکوں پر تمام دکانوں اور مارکیٹوں ،سرکاری و نجی اسکولوں اور بنیادی مراکز صحت کے مراکز کو بند رکھا گیا ۔

دکانوں ،مارکیٹوں اور راستوں کی بندش کے باعث عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا انہیں ٹریفک جام کے دوہرے عذاب کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

صدر کی آمد کے موقع پر سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی میں بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

خصوصی پاسز رکھنے والوں کے سواء کسی کو یونیورسٹی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ صدر کی سیکورٹی ٹیم کے رویے کے خلاف صحافیوں نے کانووکیشن کا بائیکاٹ کیا۔

صحافیوں کا کہنا تھا کہ پرائیوٹ میڈیا کو دعوت نامے جاری ہونے کے باوجود لائیو کوریج کی اجازت نہیں دی گئی اور ان کی گاڑیوں کو یونیورسٹی سے باہر نکال دیا گیا ۔ صحافیوں سے فون بھی لے گئے جس پر انہوں نے تقریب کا بائیکاٹ کردیا۔