|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2018

کوئٹہ: پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین ایڈووکیٹ میر صلاح الدین مینگل نے کہا ہے کہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں پریس کونسل آف پاکستان کے دفاتر کو فعال کرنے کیلئے کوششوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ۔

عامل صحافی پریس کونسل میں اپنے نمائندوں کو تجویزکریں کونسل ملک بھر میں فعال کردار ادا کررہا ہے اس سلسلے میں میڈیا سے وابستہ افراد کے تعاون کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پرانہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمن کو پاکستان پریس کونسل کی 2015-16کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی ۔

پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین ایڈووکیٹ میر صلاح الدین نے کہا کہ ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے انہوں نے کونسل کوفعال بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کی اس سلسلے میں کونسل اورمیڈیا سے وابستہ افراد کے تعاون سے مسائل کے حل میں بڑی مدد ملی ۔

انہوں نے کہا کہ پریس کونسل آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھنے کے ساتھ ملک میں مثبت صحافت کے فروغ کیلئے بھی اقداما ت کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی سطح پر پریس کونسل نہایت فعال ہے اور لئے ہماری کوشش ہے کہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں پریس کونسل کے دفاتر کو مکمل طور پر فعال کیا جائے ۔

اس سلسلے میں عامل صحافی کونسل میں اپنی نمائندگی کیلئے کونسل میں اپنے کوٹہ کے لئے نام تجویز کریں کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمن نے پریس کونسل آف پاکستان کے سربراہ کو کوئٹہ پریس کلب آمد پر خوش آمدید کہا اور اپنی جانب سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا کوئٹہ پریس کلب کے صدر نے کونسل کے سربراہ کو یقین دلایا کہ پریس کونسل کو کوئٹہ میں فعال کرنے میں ہرممکن تعاون کیا جائیگا اوراس سلسلے میں مشاورت کے بعد کونسل کیلئے صحافیوں کے نام تجویز کئے جائیں گے۔