کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے مزید 3 رہنماؤں نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
پاک سرزمین پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کی مزید 3 پتنگیں کاٹ دی ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی محبوب عالم، رکن سندھ اسمبلی سیف الدین خالد اور محمد کامران نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہمارے 3 ساتھی ایم کیو ایم چھوڑ کر پی ایس پی میں شامل ہو رہے ہیں، پچھلے 10 دنوں میں 4 ایم پی ایز اور 4 این ایز پی ایس پی میں شامل ہو چکے ہیں جب کہ آج اورنگی ٹاؤن کا سارا سیکٹر پارٹی میں شامل ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا نئی پارٹی بناکر کسی کو گالی نہیں دی اور بندوق نہیں تانی، جس جماعت کو میرے ساتھی چھوڑ کر آئے اس سے ایم کیوایم ایکسپوزہوگئی، اللہ کے فضل سے اور لوگ بھی پی ایس پی میں شامل ہوں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان چھوڑنے والے تینوں رہنماؤں کا تعلق اورنگی ٹاؤن سے ہے، محبوب عالم کراچی کے حلقے این اے 242 سے رکن قومی اسبلی منتخب ہوئے جب کہ سیف الدین خالد پی ایس 94 اور محمد کامران پی ایس 111 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔