|

وقتِ اشاعت :   April 8 – 2018

کوئٹہ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچیں ۔ائیر پورٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے استقبال کیا تاہم خاران میں ہونیوالی تقریب میں عبدالقدوس نے شرکت نہیں کی۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کوئٹہ ائیر پورٹ پہنچے تو وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی، صوبائی وزیر میر عاصم کر دگیلو، چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق ، آئی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری، کمشنر کوئٹہ ڈویژن جاوید شاہوانی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن ریٹائرڈ فرخ عتیق ، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ ودیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے ان کا استقبال کیا۔

صوبائی وزیر راحیلہ درانی نے وزیراعظم کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کے ہمراہ نیشنل پارٹی کے سربراہ وفاقی وزیر میر حاصل خان بزنجو تھے ۔اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو میں مختلف گفتگو بھی ہوئی جس میں دونوں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔

و زیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے چیئرمین سینیٹ سے متعلق بیان کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان نے سخت تنقید کی تھی۔بیان بازی کے بعد وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی پہلی ملاقات تھی۔ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے ایئر پورٹ پر تو وزیراعظم کا استقبال کیا تاہم خاران میں سڑک کی افتتاحی تقریب کے بعد منعقدہ عوامی اجتماع میں شرکت نہیں کی۔

اس اجتماع سے وزیراعظم نے خطاب کیا۔ عاصم کرد گیلو کے علاوہ منحرف لیگی ارکان اور صوبائی وزراء میں سے کوئی وزیراعظم کے استقبال کیلئے ایئر پورٹ نہیں آیا۔ کوئٹہ ائیر پورٹ کے بعد وزیراعظم وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ کے آبائی علاقے اور حلقہ انتخاب خاران پہنچے جہاں پر عبدالقادر بلوچ نے ان استقبال کیا ۔