|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2018

کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں ینگ ڈاکٹر اورپیرامیڈیکس سٹاف کی جانب سے جاری ہڑتال کے باعث غریب عوام کو درپیش مشکلات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ غریب عوام کے درپیش مشکلات کو حل کرنے کی دعویدار صوبائی حکومت صوبائی وزیر اعلیٰ اور ان کے اشکارہ اور خفیہ وزراء کی خاموشی اور اپنے وعدوں سے روگردانی کا نتیجہ قرار دیا ہے ۔

کیونکہ ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس سٹاف کے مطالبات پچھلی صوبائی حکومت نے حل کرنے کیلئے سمری وزیر اعلیٰ کے پاس ارساں کی تھی اور موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں بھی ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس سٹاف سے مذاکرات میں یہ طے ہوا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی واپسی پر فیصلہ شدہ سمری کی منظوری دی جائے گی ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی وزیر اعلیٰ اور ان کے وزراء عوامی مسائل حل کرنے کا ایک طرف دعوی کرتے ہیں تو دوسری طرف اس کی حکومت کے غلط پالیسی اور غلط اقدامات کے باعث کوئٹہ شہر سمیت صوبے کے ہر علاقے میں غریب اور لاچار عوام کو ہر ہسپتال میں بدترین مشکلات کا سامنا ہے ۔

ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس سٹاف کے ہڑتال کی باعث روزانہ ہزاروں بوڑھے ،بڑے ، بچوں ، عورتوں کو علاج ومعالجے کی سہولتوں میں رکاوٹ کا باعث بدترین اور اذیت ناک صورتحال کا سامنا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی وزیر اعلیٰ مذاکراتی کمیٹی کے سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی فوری طور پر بلا کر انہیں اعتماد میں لیں اور انہیں ہڑتال ختم کرنے پر آمادہ کرے ۔

بیان میں ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس سٹاف پر بھی زور دیاگیا ہے کہ وہ بھی غریب اور لاچار عوام کی مجبوریوں اور اپنے پیشے کے تقدس کا خیال رکھتے ہوئے ایسا لائحہ عمل مرتب کرے کہ جس میں غریب عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑیں۔