چمن : عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی نے کہا ہے کہ پشتونوں سے موجودہ وقت اتحاد و اتفاق کا تقاضہ کرتاہے ، ہمیں اپنی منزل کا بھی پتہ ہے اور اس کے راستے کا بھی جو ہمیں ہمارے اکابرین نے بتایا ہے ۔
پشتونوں کوان کے تمام آئینی حقوق ملنے چاہئیں حقوق نہیں دیئے گئے تو اس سے پشتون عوام میں احساس محرومی کا پھیلنا فطری بات ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روز سرحدی شہر چمن میں پارٹی ذمہ داران اور قبائلی شخصیات سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پشتونوں کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے جس کے پیچھے ایک پوری تاریخ پڑی ہوئی ہے یہ تاریخ مسلسل جدوجہد اور قربانیوں سے بھری ہوئی ہے عوامی نیشنل پارٹی نے جدید سائنسی بنیادوں پر پشتونوں کو تنظیم کی طرف راغب کیا اور انہیں اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کا درس دیا فخر افغان باچان اور ان کے رفقائے کار نے ان راستے میں جو جدوجہد کی وہ تاریخ کا حصہ ہے ۔
ان کے بعد بھی ان کی فکر کی آبیاری جاری رہی اور عوامی نیشنل پارٹی نے ہر موقع پر پشتون حق نمائندگی اچھی طریقے سے ادا کیا اور اب بھی واحد عوامی نیشنل پارٹی ہے جو پشتونوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے جدید سائنسی بنیادوں پر جدوجہد کررہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پشتونوں کو بحیثیت قوم مختلف مسائل کا سامنا ہے انہیں ان کے آئینی حقوق نہیں دیئے جارہے ان پر روزگار اور تعلیم کے دروازے بند کئے جارہے ہیں اور انہیں جان بوجھ کر تنگ کیا جارہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے خطے پر گزشتہ چالیس سالوں سے جو جنگ مسلط ہے اور جو آگ لگی ہوئی ہے ۔
اس نے پشتونوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مختلف ادوار میں مختلف ناموں سے انہیں سیاسی دھوکے بھی دیئے جاتے رہے جس کا فائدہ چند مخصوص لوگوں اور نقصان پوری پشتون قوم کو ہوتا رہا پشتون پرامن قوم ہے جس نے ہمیشہ امن اور ترقی کی بات کی ہے ۔
پشتونوں کو امن اور ترقی چاہئے اس کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کی پالیسیاں مزید نہیں چل سکتی پشتونوں کو جو مسائل درپیش ہیں ان کا حل اتفاق و اتحاد میں پوشیدہ ہے موجودہ وقت کا تقاضہ ہے کہ پشتون اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور عوامی نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم سے اپنے حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رکھیں پارٹی انہیں کبھی بھی مایوس نہیں کرے گی ۔
حقوق کے نہ ملنے پر احساس محرومی میں اضافہ فطری عمل ہے، اصغر اچکزئی
وقتِ اشاعت : April 11 – 2018