|

وقتِ اشاعت :   April 17 – 2018

لندن: وزیر خارجہ خواجہ آصف نے برطانوی ہم منصب بورس جانسن سے ملاقات کی ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات دولت مشترکہ سربراہ اجلاس کے موقع پر لندن میں ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لندن میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی و عالمی مسائل، پاک بھارت تعلقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر سیزفائر کی خلاف ورزیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کوسراہا۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم وثقافت کے شعبےمیں باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

خواجہ آصف نے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے اگلے دور کے لیے برطانوی وزیر خارجہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جو بورس جانسن نے قبول کرلی۔