کوئٹہ : ریجنل پولیس آفیسر وڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ شہر میں جاری دہشت گردی کو کنٹرول کرنے اور اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے ایلیٹ فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔
مذکورہ اہلکار موٹرسائیکلوں پر گشت کرینگے اہلکاروں کو پاک فوج سے جدید تربیت فراہم کی گئی ہے کوئٹہ شہر میں 400 اہلکاروں پر مشتمل ایلیٹ فورس کو25 بیٹ میں تقسیم کیا گیا ہے
مذکورہ اہلکار وں کو جدید یونیفارم ، بلٹ پروف جیکٹ، سٹیل ہلمٹ فراہم کیا گیا ہے اور4موٹرسائیکلوں پر مشتمل دستہ گشت کر تے ہوئے 8 گھنٹے اپنی ڈیوٹی سرانجام دے گا مذکورہ فورس دو شفٹوں میں اپنے فرائض سرانجام دے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایلیٹ فورس کے دستے کو موٹرسائیکلیں فراہم کر نے کے موقع پرپریس کانفرنس کے دوران کیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن نصیب اللہ خان، ایس ایس پی ایڈمن طارق مستوئی اور ایس ایس پی لیگل سجاد ترین سمیت ڈی ایس پی بابر بھی موجود تھے پریس کانفرنس کے اختتام پرڈی آئی جی نے مذکور دستے کو فلیگ مارچ کے لئے روانہ کیا مذکورہ دستہ بکتر بند گاڑیوں کے علاوہ پولیس کے دیگر اسکواڈ کے ہمراہ ڈبل روڈ، حالی روڈ، جناح روڈ، قندھاری بازار، خدائیداد چوک ، امداد چوک ، سریاب پھاٹک، سریاب روڈ، جوائنٹ روڈ، سمنگلی روڈ، ائیر پورٹ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں گشت کر تا ہوا واپس پہنچ کر اپنے اپنے بیٹ کے علاقوں میں جا کر اپنی ذمہ داری سنبھالے گا ۔
ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا کہ 200 موٹرسائیکلوں پر مذکورہ ایلیٹ فورس کا سکواڈ کوئٹہ میں جاری دہشت گردی اور اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے لانچ کیا گیا ہے جس کو ایلیٹ فورس کی تربیت کے علاوہ پاک فوج کی جانب سے دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے جدید تربیت فراہم کی گئی ہے اہلکاروں کو جدید وردی ، کمونیکشن سسٹم ، اسٹیل ہلمٹ، بلٹ پروف جیکٹ فراہم کی گئی ہے ۔
مذکورہ دستے کو دو ماہ کی جدید تربیت دی گئی ہے اور فورس کے لئے 25 بیٹ میں تقسیم کیا گیا ہے ایک دستے میں 4 موٹرسائیکلیں ہونگی اور دونوں جوان جدید اسلحہ سے لیس ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ اس فورس کو لانچ کر نے کا مقصد موجودہ صورتحال میں چھوٹی گلیوں اور دیگر علاقوں میں ملزمان کا باآسانی تعاقب کر کے انہیں منطقی انجام تک پہنچایا ہے انہوں نے کہا ہے کہ مذکورہ اہلکار کسی بھی جگہ کھانے یانماز کی ادائیگی سمیت سستانے کے لئے نہیں رکیں گے آرام کے لئے تھانہ میں جائیں گے ۔
مذکورہ اہلکار پولیس اور ایف سی کی چوکی یا ناکے کے قریب سنیپ چیکنگ کرنے کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد اور ہلمٹ پہننے اور چادر اوڑھنے والوں کو روک کر چیک کرینگے مزکورہ فورس دو شفٹوں میں8,8 گھنٹے کی ڈیوٹی سرانجام دینگے انہیں فیول ان کے تھانوں سے مہیا کیا جائیگا انہیں عوام کیساتھ اچھا برتاؤ کرنے پولیس اور شہریوں میں بہتر تعلقات استوار کرنے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فورس کے لئے خصوصی ایس او پی تیار کی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ بروری کے علاقے میں کچھ علاقوں کو بند کرنے کی ضرورت تھی کیونکہ ہمارے پاس اتنی نفری نہیں کہ وہاں پر تعینات کی جا سکے اس لئے ان علاقوں کو بند کر رہے ہیں ۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیس صبح7 بجے سے رات11 بجے تک گشت کر تی ہے انہوں نے کہا ہے کہ ایلیٹ فورس کے350 نئے تربیت یا فتہ یہ نوجوان اس فورس کا حصہ بنائے گئے ہیں کسی تھانے سے کوئی نفری نہیں لی ۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ ڈیڑھ سو سی سی نئی موٹرسائیکلیں آئندہ چند روز میں مل جائے گی جو ایلیٹ فورس کے جوانوں کو دی جائے گی بقیہ موٹرسائیکلیں کچھ عرصے بعد سکواڈ میں شامل ہو نگی ایلیٹ فورس کے جوانوں نے شہر کے اور کوئٹہ کے نواحی علاقوں میں گشت کیا۔