|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2018

پشاور: جماعت اسلامی نے خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔

تحریک انصاف اور جماعتِ اسلامی کی  راہیں جدا ہوگئی ہیں اور دونوں جماعتوں نے خیبرپختون خوا میں الگ ہونے کا اعلان بھی کردیا ہے۔ پشاور میں وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک اور صوبائی وزیرِ بلدیات عنایت اللہ خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں جماعت اسلامی کے 3 صوبائی وزرا اور ایک پارلیمانی سیکرٹری نے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر عنایت اللہ کا کہنا تھا کہ آج تاریخی دن ہے، اچھی شراکت اقتدار کے بعد خیبرپختون خوا حکومت سے الگ ہو رہے ہیں، اور ہم نے  دوستانہ ماحول میں علیحدگی اختیار کرکے اچھی سیاسی روایت قائم کی ہے، صوبے میں میرٹ کا قیام ہمارا مشترکہ ایجنڈا تھا جس کے لئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے مشکور ہیں کہ انہوں نے بھرپور تعاون کیا، عوامی مفاد سب سے مقدم ہے جس کے لیے آئندہ بھی ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اگلے سال فاٹا کو کے پی میں ضم کریں گے اور مدت پوری ہونے سے پہلے قانون سازی کریں گے۔ مشترکہ مفادات کونسل میں صوبے کے حقوق کیلیے بھرپور آواز اٹھائی اور آئندہ بھی مسائل کو آئین کے دائرے میں حل کریں گے۔