اسلام آباد: قومی اسمبلی نے قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کا نام ڈاکٹر عبدالسلام سے تبدیل کر کے مسلمان سائنسدان البیرونی کے شاگراابو فتح عبدالرحمان العظمی کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد منظور کر لی۔
قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کا نام 2016 میں نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے دور میں نوبل انعام یافتہ سائنسدان ڈاکٹر عبد السلام کے نام سے منسوب کیا گیا تھا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رکن کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے قائدِ اعظم یونیورسٹی میں شعبہ فزکس کے نام کی تبدیلی کے لیے قرارداد پیش کی جس کی متفقہ طور پہ منظوری دے دی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی بنیاد دو قومی نظریہ پہ رکھی گئی تھی ،یہ ایوان سفارش کرتا ہے کہ قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کا نام مشہور سائنسدان ابو فتح عبدالرحمان العظمی کے نام سے منسوب کیا جائے تاکہ دنیا کو باور کرایا جا سکے کہ اس شخص نے سائنس کی دنیا میں سب سے پہلے اپنے استاد البیرونی کے نقش قدم پہ چلتے ہوئے فزکس کی دنیا میں حیرت انگیز کارنامے سر انجام دیے ہیں۔