|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2018

گوادر : پانی کی قلت کے خلاف آل پارٹیز کی اپیل پر شٹر ڈاوٗن ہڑتال ۔بازار،مارکیٹیں اور بینک بند،احتجاجی ریلی و مظاہرہ۔پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو ایکسپریس وے بننے دیں گے نہ پورٹ کو چلنے دیں گے ۔

مقررین کا ریلی سے خطاب تفصیلات کے مطابق گوادر اور گرد ونواح میں پانی بحران کے خلاف آل پارٹیز کے زیر اہتمام شٹر ڈاون ہڑتال کیا گیا ،ہڑتال کے باعث تمام دکانیں ،مارکیٹ ،بینک اور کاروباری ادارے مکمل طور پر بند رہے اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم رہا ،

اس موقع پر فاضل چوک سے موٹر سائیکل احتجاجی ریلی نکالا گیا جو شہر کی سڑکو ں پر گشت کرتا ہوا سید ہاشمی ایونیو ایئر پورٹ نزد پریس کلب احتجاجی مظاہرہ کی شکل اختیار کر گیا۔

مظاہرین سے نیشنل پارٹی کے سنٹرل کمیٹی کے ممبرکہدہ علی،جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر مولانا عبدالحمید انقلابی،جماعت اسلامی کے تحصیل امیر سعید احمد بلوچ،بی این پی مینگل کے تحصیل صدر ماجد سہرابی،پی این پی عوامی کے رہنماء جاوید دشتی،مسلم لیگ کے رہنماء پرویز جمیل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گوادر کی ترقی کے بلند وبانگ دعوے کیئے جاتے ہیں لیکن حکمرانوں کیلئے شرم کی بات کہ ترقی یافتہ گوادر کے عوام شب برات میں وضو تک کے پانی سے محروم رہے ۔


گوادر کے نام پر ملک میں 65ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری سی پیک کے نام پر کیا جارہاہے لیکن گوادر کے عوام بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ حکمران سن لیں اگر عوام کو بنیادی سہولتیں مہیا نہیں کی گئیں ،پانی فراہم نہیں کیا گیا ،صحت اور تعلیم کے مسائل حل نہیں ہوئے تو ہم کوئی ایکسپریس وے بننے دیں گے اور نہ پورٹ کو چلنے دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ رمضان کی آمد پر دنیا کے تمام ممالک اپنے عوام کو ریلیف دیتے ہیں لیکن یہاں حکمران عوام کو سزا دیتے ہیں،پانی اور بجلی کے ادارے تباہ ہو چکے ہیں ،لوگ پیاسے مر رہے ہیں حکمرانوں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی،ٹینکروں کے پیسے مہنیوں تک ریلیز نہیں کیئے جاتے ۔اوروہ ہر ماہ ہڑتال پر چلے جاتے ہیں ،پورٹ اور ہاربر میں دو پلانٹ قائم ہیں انکا پانی گوادر کے عوام کو فراہم نہیں کیا جاتا ۔

مقررین نے کہا کہ ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی مسئلے کا مستقل حل نہیں ،مستقل بنیادوں پر پانی کے منصوبے مکمل کیئے جائیں ،انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ تما م پارٹیاں یکجاہ اور متحد ہیں اور پانی کے مسئلے کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد کو جاری رکھیں گے،علاوہ ازیں گوادر بار ایسوسی ایشن نے شہر میں پانی کی قلت کیخلاف عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ۔