لاہور: وفاقی وزیرِداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عوام کا مقابلہ کوئی خلائی مخلوق نہیں کر سکتی، اب 20 کروڑ عوام ہی خلائی مخلوق کا توڑ کرے گی۔
لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراحسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیں عدلیہ کا بہت احترام ہے اور کبھی عدلیہ کے خلاف بیان نہیں دیا، میں نے صرف اصولی بات کی پھر بھی ہائی کورٹ نے طلب کیا اور میں حاضر ہوگیا کیوں کہ ہم سمجھتے ہیں پاکستان کی کامیابی آئین کی پاسداری میں ہے، میرے سیاسی حریف ابرالحق شوق سے سپریم کورٹ بھی چلے جائیں جہاں انہیں پہلے جانا چاہئے تھا وہ ایک بار پھر شرمندہ ہوں گے۔ عدلیہ کو بھی سیاسی تنازعات سے بالا تر ہونا چاہے، کسی ایک سیاسی جماعت کو نشانہ بنانا ملکی مفاد میں نہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سوچ ہے کہ وہ ووٹ کے ذریعے ہمیں ہرا نہیں سکتے اس لئے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا کر عدالتوں کا سہارا لے رہے ہیں، مخالفین کو کہتا ہوں کہ وہ چور دروازے سے نہیں بلکہ انتخابات میں ہمارا مقابلہ کریں، پاکستانی عوام کا مقابلہ کوئی خلائی مخلوق نہیں کرسکتی اور اب تو 20 کروڑ عوام ہی مخلوق کا توڑ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یقین سے کہہ سکتا ہوں جیسی پالیسیاں ہم نے بنائیں کوئی دوسرا ملک نہیں بنا سکتا لیکن ٹی وی پر آنے والے سقراط و بقراط لوگوں کو پاکستان میں سب ستیاناس نظر آتا ہے، ہمارے مخالفین نے لیپ ٹاپ منصوبے کو رشوت کا نام دیا جو غلط ہے، نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرنے کے لیے یہ سلسلہ شروع کیا گیا تھا اور اس کی تقسیم میں کسی سیاسی وابستگی کو نہیں دیکھا گیا۔