|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2018

ڈیرہ اللہ یار : ڈیرہ اللہ یار میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پینے کے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف شہری اتحاد کی جانب سے احتجاجی ریلی ڈپٹی کمشنر آفس کے گیٹ پر دھرنا ڈی سی کی یقین دہانی پر احتجاج ختم۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اللہ یار میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور بار بار ٹرپنگ سے شہر بھر میں آب نوشی کی فراہمی بھی بند ہوگی جس کے خلاف شہری اتحاد کے صدر حاجی عبدالخالق کھوسہ کی قیادت میں شہری اتحاد کے دفتر سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔

ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دیا اس موقع پر شہری اتحاد کے صدر حاجی عبدالخالق کھوسہ،کامریڈ ظہور کھوسہ،حاجی طاہر عمرانی،نثار احمد نقشبندی،ظفر عمرانی،عبدالستار کھوسہ،مکھی لعل چند،قادر مہر،ودیگر نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اللہ یار میں گرمی آتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے شہر میں 16 گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری زہنی مریض بن چکے ہے اور بجلی کی بار بار ٹرپنگ سے گھریلو سامان جلنا روز کا معمول بن چکا ہے ۔

بجلی کی لوڈشیڈنگ سے شہر بھر میں پینے کے پانی بھی ناپید ہوچکا ہے جس سے شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہوگئے ہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جعفر آباد سہیل انور ہاشمی نے دھرنے کے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس سلسلے میں ایکسین کیسکو اور ایکسین پی ایچ ای کو طلب کرکے ان کو ہدایت کی جائے گی کہ ڈیرہ اللہ یار میں بجلی کی اضافی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے اور پی ایچ ای شہر میں آب نوشی کی فراہمی کو یقینی بنائے اس موقع پر شہریوں نے پرامن احتجاج ختم کیا۔