|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2018

اسلام آباد: ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات کوئی خلائی مخلوق نہیں کروارہی بلکہ الیکشن کمیشن عام انتخابات 2018 کیلئے مکمل تیار ہے۔

الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کے خلائی مخلوق والے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن عام انتخابات 2018 کے لیے مکمل تیار ہے اور انتخابات کوئی خلائی مخلوق نہیں کروارہی، یہ بیان آئین کی روح اور الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کے خلاف ہے جب کہ الیکشن کمیشن آئینی وقانونی ذمہ داریوں میں مکمل آزاد ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اہم منصب پر فائز شخصیات ایسے بیانات سے گریز کریں، ایسے بیانات محض قیاس آرائیوں اور مفروضوں پر مبنی ہوتے ہیں، ایسے بیانات آئین کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی، آئندہ انتخابات شفاف ہوں گے اور الیکشن 90 دن میں نہیں بلکہ 60 دن میں ہوں گے جب کہ خلائی مخلوق انتخابات کرائے گی لیکن ہم انتخابات میں حصہ لیں گے۔