|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2018

حب: اوتھل بیلہ اور لاکھڑا میں 60 گھنٹوں سے بجلی غائب ، اوتھل بیلہ اور لاکھڑا کے اسکولوں ، اسپتالوں اور مساجد میں بھی پانی کا ذخیرہ ختم ہوگیا ۔

بلدیات کے منتخب نمائندوں نے چپ سادھ لی ، علاقہ مکین شدید پریشانی میں مبتلا ، دو روزقبل لسبیلہ کو بجلی فراہم کرنے والی مین ٹرانسمیشن لائن کے کمبھے اور تاریں زمین بوس ہوئے تھے جن کی وجہ لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر شہر اوتھل ، تحصیل بیلہ اور لاکھڑا سمیت متعدد علاقوں میں گزشتہ 60 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جس سے پانی کا بحران سنگین ہوگیا ہے ۔

ضلع کے بڑی آبادی والے علاقے پانی سے محروم ہیں لیکن ذمہ داران نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ، واضح رہے کہ دو روز قبل اوتھل زیروپوائنٹ کے قریب مین ٹرانسمیشن لائن کی تاریں اور کھمبے گرنے کے سبب بجلی معطل ہوئی جو کہ بننے کے بجائے بگڑنے لگی اور کام کے دوران مزید کھمبے گرنے کی وجہ سے کام میں اضافہ ہوتا گیا تاحال 60 گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی مرمتی کام مکمل نہیں کیا جاسکا ہے ۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج مزید ایک تار اوتھل کے قریب گرگئی ہے جس کے سبب اب مزید کام میں اضافہ ہوچکا ہے عوامی حلقوں کے مطابق بجلی کی طویل بندش کے سبب لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر شہر اوتھل اورتاریخی شہر بیلہ سمیت لاکھڑا ۔

لیاری ودیگر مضافاتی علاقوں میں شدید گرمی کے موسم میں پانی کا شدید بحران پیدا ہوچکا ہے اور ٹینکر مافیا کے بھی وارے نیارے ہوگئے ہیں جنہوں نے موقع کو مال غنیمت سمجھ کر فی پانی کے ٹینکر کی قیمت 5 ہزار تک کردی ہے جس سے غریب پیاسوں کی چیخیں نکل آئی ہیں جبکہ شدید گرمی کے سبب اسپتالوں میں مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اسپتالوں اسکولوں و مساجد سمیت محلوں اور بازار میں پانی کا بحران پیدا ہوچکا ہے جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہیں۔