|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2018

کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج کوئٹہ میں پہلی بار کسی عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ کوئٹہ کے ریلوے ہاکی گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری آج جمعہ کو کوئٹہ پہنچیں گے ۔ 

وہ کوئٹہ میں پہلی بار کسی بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔بلاول بھٹو کوئٹہ میں پارٹی کے صوبائی عہدیداروں اور کارکنوں کے علاوہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجواور دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ 

پیپلز پارٹی بلوچستان کی جانب سے جلسہ ریلوے ہاکی گراؤنڈ میں منعقد کیا جائیگا جس کیلئے تیاریون کو حتمی شکل دے دی گئی۔ اسی گراؤنڈ میں15دسمبر2017ء کو بینظیر بھٹو نے اپنی شہادت سے چند دن قبل بھی جلسہ کیا تھا۔ جلسہ گاہ کو پارٹی پرچموں ، خیر مقدمی بینرز ،پوسٹرز اور پارٹی قائدین کی تصاویر سے سجادیا گیا ہے۔ 

پارٹی کے صوبائی صدر علی مدد جتک ، عبدالقیوم سومرو اور دیگر نے جلسہ گاہ کا دورہ کرکے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ علی مدد جتک کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کا جلسہ تاریخی نوعیت کا ہوگا ۔

بلوچستان کی عوام پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا فقید المثال استقبال کرینگے ۔جلسے کے شرکاء کے گراؤنڈ میں دس ہزار سے زائد کرسیاں لگادی گئی ہیں جبکہ میں خواتین اور وی آئی پیز کیلئے علیحدہ انکلیوژر قائم کئے گئے ہیں ۔

پارٹی رہنماؤں کے مطابق جلسہ گاہ کی سیکورٹی کیلئے سیکورٹی اہلکاروں سمیت پاکستان پیپلزپارٹی کے رضار کار بھی موجود ہونگے ۔بلاول بھٹو کی سیکورٹی کی ذمہ داری سندھ سے آنیوالے ان کے خصوصی محافظ سرانجام دینگے۔