|

وقتِ اشاعت :   May 6 – 2018

کراچی: شہر قائد میں شدید گرمی کے باعث شہریوں کا جینا محال ہے اور رہی سہی کسر کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے پوری کردی ہے۔

کراچی ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، گرمی اور کے الیکٹرک کی جانب سے ہونےوالی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ کے الیکٹرک انتظامیہ نے بن قاسم پاور پلانٹ میں فنی خرابی کو جواز بناکر شہر میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ شروع کررکھا ہے۔ ہفتہ وار تعطیل کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

گلشن اقبال کے مختلف بلاکس، ناگن چورنگی اور لیاقت آباد میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ کراچی یونیورسٹی سوسائٹی اسکیم 33 میں صبح 7 بجے سے بجلی بند ہے۔ 3 گھنٹے گزر جانے کے باوجود بجلی کی فراہمی بحال نہیں کی جا سکی۔

کےالیکٹرک  انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹ میں خرابی کی وجہ سے 180 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔ پاورپلانٹ میں خرابی دور ہوتے ہی بجلی کی فراہمی بہتر ہوجائے گی۔ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامناہے، لوڈشیڈنگ سےمستثنیٰ علاقوں میں بھی 3 سے 4 گھنٹے بجلی غائب ہے جب کہ باقی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جس نے شہریوں کو ذہنی اذیت کا شکار کردیا ہے۔

واضح رہے کہ کے الیکٹرک گزشتہ ایک ماہ سے گیس کی کمی کو جو از بنا کر کراچی میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کررہی تھی۔ وزیر اعظم کی مداخلت کے بعد گیس کی سپلائی میں اضافے کے بعد شہر میں بجلی کی فراہمی معمول پرآ گئی تھی۔ تاہم جیسے ہی کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں آیا تو بجلی کی طلب میں اضافہ ہوگیا جسے کے الیکٹرک انتظامیہ قابو کرنے میں ناکام ہوگئی اور خمیازہ شہری بھگت رہے ہیں۔