کوئٹہ : وزیراعلی بلوچستا ن میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ نام نہاد قوم پرستی کے نام پر بے گناہ لوگوں کوقتل کرنے والے قوم پرست نہیں دہشتگرد ہیں ،آئین پا کستان کے دائرے کار میں رہتے ہوئے کوئی بھی قوم دھارے میں شمولیت کرے تو اسے خوش آمدید کہیں گے مگر اپنے صوبے کو کسی صورت دہشتگردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے ،وفاق کی جانب سے عدم تعاون کی وجہ سے بلوچستان کی ترقی متاثر ہورہی ہے ۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب سے سیٹیں جیتنے کے لئے چھوٹے صوبوں کی حق تلفی کرتی ہے، انہوں نے یہ بات بدھ کو سدرن کمانڈ اور حکومت بلوچستان کے اشتراک سے منعقد ہونے والی نیشنل سکیورٹی ورکشاپ بلوچستان کی اختتامی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، صوبائی وزیر سردار سرفراز چاکر ڈومکی بھی انکے ہمراہ تھے، وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان میں بہت سے وسائل ہیں صرف وژن اور سچی نیت سے کام کر نے کی ضرورت ہے جب سے حکومت سنبھالی ہے رکی ہوئی مشنری کو فعال اور درست سمت کا تعین کیا ہے جس سے صوبے میں بہتری آئی ہے اگر کوئی صیح کا م کرنا چاہے تو بلوچستان میں بہت سے مواقعے ہیں ۔
میں ماضی کی حکومتوں کی بات نہیں کرتا لیکن ہم صوبے کو مخلص انداز میں چلا رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہمیں وفاقی حکومت کی جانب سے عدم تعاون کاسامنا ہے بلوچستان کو اسکا جائز حق نہیں دیا جارہا جس کی وجہ سے ترقی کی رفتار متاثر ہورہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صرف اپنی سیٹوں کے لئے ان علاقوں میں کام کر تی ہے جہاں سے وہ اگلے الیکشن میں جیت سکیں پنجاب میں اپنی سیٹیں بچانے کے لئے دوسرے صوبوں کا حق مارا جاتا ہے جو کہ ملک کے لئے ٹھیک نہیں ہے بلوچستان جیسے اہم صوبے کو صرف سیاسی بنیادوں پر نظر انداز کیا گیا ہے ،اگر قومی اسمبلی میں بلوچستان کی سیٹیں بڑھ جائیں تو ہمارے مسائل کے لئے موثر انداز میں آواز بلند کی جا سکتی ہے۔
میر عبدالقدوس بزنجونے کہا کہ اگر دیگر معاملات میں آبادی کے حساب سے حصہ دیا جاتا ہے تو کم از کم نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ہمیں رقبے کے لحاظ سے حصہ دیا جائے تا کہ ہم اپنے صوبے میں سڑکیں تعمیر کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک اجلاس میں مجھے وفاقی نمائندوں نے کہا کہ بلوچستان سے اسکیمات کے پی سی 1اور دیگر قانونی معاملات وقت پر نہ کر نے کے باعث وفاقی اسکیمات مکمل نہیں ہو پاتیں جب میں نے ان سے پوچھا کہ این ایچ اے، واپڈا تو وفاق کے ادارے ہیں انکے منصوبے کیوں وقت پر مکمل نہیں ہوتے جس کے جواب میں وہ لاجواب ہوگئے ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بہت سے وسائل ہیں جنہیں درست طریقے سے استعما ل کیا جائے تو وہ صوبے کی ترقی کے لئے کافی ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں سب سے زیادہ دہشتگردی کا سامنا ہے ہمارے دشمن نہیں چاہتے کہ بلوچستان میں ترقی ہو ہم اپنے ہمسایوں سے بھی بہتر تعلقات چاہتے ہیں امید ہے کہ وہ بھی مثبت تعاون کریں گے ۔
پر امن پا کستان اور افغانستان دونوں ایک دوسرے کے حق ہے ہمیں کوشش کر نی چاہیے کہ دوسروں کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں انہوں نے کہا کہ افغانستا ن سے بلوچستان میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت بہت زیادہ ہے ۔
ہم نے بردارنہ تعلقات کی وجہ سے اب تک سرحد پر پر باڑ نہیں لگائی تھی لیکن اب ہم اپنے دفاع کے لئے مجبور ہو کر سرحد پر باڑ لگا رہے ہیں ،کوئٹہ شہر کی سکیورٹی کے لئے بنایا جانے والا سیف سٹی منصوبہ چار سالوں سے فائلوں کی نذر تھا جس پر ہم کام شروع کر تے ہوئے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ،سیف سٹی منصوبہ جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہوگا تمام تر آلات جدید اور دہشتگردی کی روک تھام میں کارگر ثابت ہوں گے ۔
وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان میں قانون سازی کے حوالے سے کمزور رہا ہے ہم نے آتے ہی ضروری قانون سازی کی ہے اٹھارویں ترمیم سے حاصل ہونے والے فوائد کو استعمال میں لانے کے لئے 30سے 40قوانین جن میں سرمایہ کاری بورڈ، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شب ،پبلک سروس کمیشن ترمیم جیسے قوانین بنائیں ہیں کوئٹہ پیکج کے پیسے تین سال سے بغیر استعمال کئے پڑے ہوئے تھے ۔
ان پیسوں سے سبزل روڈ، جائنٹ روڈ، سریاب روڈ، نواں کلی کی سڑکوں کی توسیع جیسے منصوبے شروع زمین پر شروع کئے ہیں جس سے ٹریفک کا مسئلہ کافی حدتک حل ہوگا ،اگر ہم وسائل کو صیح سمت میں استعمال کریں تو تبدیلی لائی جا سکتی ہے امید ہے آئندہ وفاقی حکومت آنے والی صوبائی حکومت سے تعاون کریگی اور بلوچستان کی ترقی میں ساتھ دی گی ۔
انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے دوبارہ موقع دیا تو صوبے کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے اور پا کستان کے آئین میں رہتے ہوئے صوبے کے حقوق کی آواز بلند کریں گے ،ہم نے 15سال سے زائد عرصے سے مذہبی اور نا م نہاد قوم پرستی دہشتگردی کا سامنا کیا ہے ۔
اگر ہمارے نوجوان بندوق اٹھا نے کی بجائی آئین میں رہ کر حقوق کی جدو جہد کرتے تو اس سے صورتحال مختلف ہو سکتی تھی نام نہاد قوم پرستی کی تحریک کے نام پر بے گناہوں کو قتل کر نے والے قوم پرست نہیں دہشتگرد ہیں ۔
خاران میں مزدوروں کوقتل کر نے والے کیا پیغام دے رہے ہیں اور کیا وہ صوبے کو بہتری کی طرف لے کرجارہے ہیں ؟ 2002سے بلوچستان میں پرتشدد واقعات، ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان کے واقعات نے صوبے کی تعلیم ،ترقی ،عوامی فلاح پر کاری ضرب لگائی ،ہم سے ہمارے پڑھے لکھے طبقے کو جدا کیا گیا اور ہماری معیشت تبا ہ ہوگئی ، میرے حلقے میں ہم کسی کی فاتحہ خوانی، خوشی ، غمی میں نہیں جا سکتے تھے۔
آواران میں تعلیم ختم ہوگئی ،لیکن2013 کے بعد حالات میں بہتری آئی ہے اور حکومت کی رٹ کو بحال کیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ خوشحال بلوچستان اور بلوچستان پیکج جیسے منصوبوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ،ابھی بھی پا کستان کے آئین کو مانتے ہوئے کوئی قومی دھارے میں شمولیت کرنا چاہے تو اسے خوش آمدید کہیں گے لیکن اپنے صوبے کو مزید دہشتگردوں کے ہاتھوں میں نہیں چھوڑیں گے ۔
مذہبی یا قوم پرست کوئی بھی دہشتگرد ہو سکیورٹی فورسز کے ساتھ ملکر اسے ختم کریں ، انہوں نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے صوبے میں بہتر نتائج برآمد ہونگے اور اس سے ملکی و خطے کے حالات کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملے گی ۔
دریں اثناء زیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ محدود مدت کے باوجود زیادہ سے زیادہ کوشش ہے کہ عوامی مسائل سنوں اور ان کو حل کروں، این ٹی ایس میں اگر کوئی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں تو ان کی انکوائری کی جائے گی، اساتذہ فروغ تعلیم کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ درس وتدریس کا پیشہ انتہائی مقدس ہے، جس سے قومیں بنتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ٹی ایس پاس کرنے والے مرد وخواتین میں تعیناتی کے آرڈر تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر تعلیم طاہر محمود خان، چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق اور سیکریٹری تعلیم نورالحق بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
واضع رہے کہ مختلف اضلاع کے 427مرد وخواتین جنہوں نے 2015ء میں این ٹی ایس پاس کیا مگر انہیں تعینات نہیں کیا گیا جس پر وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے اور میرٹ پر پورا اترنے والے این ٹی ایس پاس امیدواروں کی جلد تعیناتی کے احکامات جاری کئے تھے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے این ٹی ایس پاس کرنے والے اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ جو ناانصافی ہوئی ہے اور جن مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے ہمیں اس کا احساس ہے کیونکہ جو آپ کا حق تھا وہ وقت پر نہیں ملا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھلی کچہری کے دوران کچھ این ٹی ایس پاس خواتین میرے پاس آئیں جس کا میں نے فوری نوٹس لیا اور جتنے بھی امیدوار میرٹ پر پورا اترتے تھے ان کی تعیناتی کے احکامات جاری کئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میں اپنے ہاتھوں سے ان لوگوں کو تعیناتی کے لیٹر دے رہا ہوں اگر ابھی بھی کسی کے ساتھ این ٹی ایس میں زیادتی ہوئی یا بے قاعدگی ہوئی ہے تو اس کی انکوائری کی جائے گی تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔
وزیراعلیٰ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ این ٹی ایس والوں کے لئے وہ جماعتیں آواز اٹھارہی ہیں جنہوں نے خود اپنے دور حکومت میں ان کے لئے کچھ نہیں کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے این ٹی ایس پاس لوگوں کو سنا کیونکہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں اور مجھ تک سب کی رسائی ہے اور جتنا ہوسکے میں عوام کی خدمت کروں گا اور یہ کوئی احسان نہیں بلکہ آپ کا حق ہے۔
وزیراعلیٰ نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے فرائض ایمانداری اور محنت سے ادا کریں کیونکہ آپ محض نوکری نہیں کررہے بلکہ آپ کے کندھوں پر ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اساتذہ کا احترام ہم سب پر فرض ہے ہمیں انہیں ان کا وہ مقام ومرتبہ دیں گے جس کے وہ حقدار ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں لائق اور ذہین طلباء وطالبات کے لئے ایسا پروگرام رکھا جائے گا جس کے ذریعہ انہیں ملک کے کسی بھی بہتر ادارے میں تعلیم دلوائی جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت آنے والے بجٹ میں صحت کے شعبہ میں کینسر، ہیپاٹائٹس اور گردوں کے مریضوں کے لئے پروگرام متعارف کرائے گی جہاں ان کا علاج حکومت کے خرچ پر ملک کے کسی بھی ہسپتال میں کیا جاسکے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ غریب بچے جو امتحانات میں اپنی فیس ادا نہیں کرسکتے حکومت ضلعی سطح پر ان بچوں کی مالی معاونت کرے گی تاکہ وہ امتحان دے سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ہماری کوشش ہے کہ عوام دوست بجٹ پیش کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سب کو قومیت اور لسانیت سے بالاتر ہوکر صوبے اور ملک کی ترقی کے لئے مل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارا صوبہ اور ملک ترقی کرسکے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے مرد وخواتین اساتذہ کی تعیناتی کے آرڈر تقسیم کئے۔ تقریب سے وزیرتعلیم طاہر محمود نے بھی خطاب کیا۔
قومی دھارے میں شامل ہونیوالوں کو خوش آمدید کہیں گے ،بے گناہ لوگوں کو قتل کرنیوالے قوم پرست نہیں دہشتگرد ہیں، قدوس بزنجو
وقتِ اشاعت : May 10 – 2018