|

وقتِ اشاعت :   May 13 – 2018

کوئٹہ: لورالائی میں سنگدل باپ اور بھائیوں نے پسند کی شادی کے تنازع پر نوجوان کی آنکھیں نکال لیں۔ 

ایس ایچ او لورالائی پولیس مجیب الرحمان کے مطابق واقعہ ہفتہ کی شام کو لورالائی کے علاقے ناصرآباد میں پیش آیا جہاں دوست محمد نے مبینہ طور پر طیش میں آکر اپنے دو بیٹوں کے ساتھ ملکر چھوٹے بیٹے پچیس سالہ عبدالباقی کی دونوں آنکھیں چھری سے نکالیں۔ 

لورالائی میں علاج کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے دونوں آنکھیں ضائع ہوگئیں۔ ایس ایچ او لورالائی کے مطابق زخمی نوجوان نے بتایا ہے کہ وہ دکی کی رہائشی ایک لڑکی سے پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا اور اس سلسلے میں لڑکی کے گھر والے ایک روز قبل ان کے گھر لورالائی آئے تھے ۔

والد اور بھائی پسند کی شادی کرانے کیلئے تیار نہیں تھے اس معاملے پر جھگڑا ہو اتو باپ اور دونوں بھائیوں نے ملکر آنکھیں نکالیں۔ پولیس نے زخمی نوجوان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے دوست محمد اور اس کے دونوں عبدالکریم اور عبدالستار کو گرفتار کرلیا۔ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد علاج کیلئے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔