|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2018

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ ڈان لیکس میں پرویز رشید کو سزا نہیں دینی چاہیے تھی۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد روانگی کے موقع پر صحافی نے مریم نواز سے سوال کیا کہ اگر ڈان لیکس درست ہے تو پرویز رشید کو سزا کیوں دی گئی جس پر مریم نواز نے کہا کہ ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔

مریم نواز سے قبل احتساب عدالت کے باہر نواز شریف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جو باتیں کر رہے ہیں، وہ قومی سلامتی کمیٹی میں کی گئیں جسے ڈان لیکس بنا دیا گیا۔

یاد رہے کہ 30 اکتوبر 2016 کو اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے قومی سلامتی کے حوالے سے اجلاس کی خبر لیک ہونے کے سلسلے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے نتیجے میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کو منصب سے ہٹا دیا گیا تھا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری سرکاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ دستیاب شواہد کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات غفلت کے مرتکب ہوئے ہیں۔