|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2018

دالبندین: دالبندین مسلسل تندوتیز اور طوفانی ہواؤں کی لپیٹ میں معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ماشکیل میں درجنوں کھمبے گرنے سے بجلی کی سپلائی معطل تفصیلات کے مطابق دالبندین سمیت گردونواح میں مسلسل کئی روز سے چلنے والی تندوتیز اور طوفانی ہواؤں نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔

دن ہو یا رات اکثر و بیشتر مٹی اوردھول اڑنے والی ہوائیں چلتی رہتی ہیں جس کی وجہ سے بعض دفعہ دن کے اوقات میں بھی اندھیرا سا ہو جاتا ہے طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کلی خواستی سرگیشہ میں ایک درجن سے زائد مکانات کی چھتیں اڑ گئیں اور دیواریں گر چکی ہیں ۔

آر سی ڈی شاہراہ پر کرودک اور پشیک کے مقام پر سڑک پر ریت کے بڑے بڑے ٹیلے جمنے سے ٹریفک کی آمدورفت میں خلل پڑ رہی ہے اس طرح یادگار پدگ مستی لونڈھی نوکچاہ پشک کے مقامات پر ریلوے ٹریک پر مٹی پڑنے سے کوئٹہ زاہدان سیکشن ٹرینوں کی آمدورفت مشکلات پیش آ رہی ہیں اور ریلوے کی امدادی ٹیمیں ریٹ ہٹانے میں مصروف رہتے ہیں ۔

آمدہ اطلاعات کے مطابق سرحدی شہر ماشکیل میں طوفانی ہواؤں کی وجہ سے پچاس سے زائد بجلی کے کھمبے اور درجنوں ٹرانسفارمر گر چکے ہیں جس کی وجہ سے ہمسایہ ملک ایران سے ماشکیل کو بجلی کی فراہمی معطل ہو چکی ہے اور متعدد دیہات تاریکی میں ڈوب چکے ہیں ۔