کوئٹہ: کوئٹہ میں دو مختلف حادثات میں دو بچوں اور خاتون سمیت چھ افراد جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے تھانہ شالکوٹ کی حدود میں مغربی بائی پاس پر اختر آباد کے مقام پر تیز رفتار پک اپ اور ٹرالر میں خوفناک تصادم ہوا۔
حادثے کے نتیجے میں پک اپ گاڑی تباہ ہوگئی اور اس کا اگلا حصہ لوہے کے ڈھانچہ میں تبدیل ہوگیا۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ پک اپ گاڑی میں سوار چار افراد موقع پر جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو بولان میڈیکل ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ایک اور زخمی دم توڑ گیا۔ اس طرح حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد پانچ ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں 30سالہ قادر بخش ولد خالق داد قوم سیال ، اس کا تین سالہ بیٹا عادل، پندرہ سالہ حصبہ ولد سید محمد قوم مری ،35حیدہ زوجہ اسلم اور خاتون زبیدہ شامل ہیں۔
زخمیوں کی شناخت 35سالہ شمیم زوجہ قادر بخش قوم سیال ،بیس سالہ محمد سلیم ولد سید محمد مری ،15سالہ کافیہ دختر صلاح محمد مری ،40سالہ امداد حسین ولد خیر محمد ،7سالہ عصبہ دختر قادر بخش سیال اور30سال سلطان ولد باگنڑکے نام سے ہوئی۔
تمام افراد کا تعلق سبی کے علاقے حاجی ایمل محلہ سبی سے بتایا جاتا ہے جو سبی سے کوئٹہ آرہے تھے۔ ادھر کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ نادرا آفس کے سامنے کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 20 سالہ نوجوان محمد رمضان موقع پر جاں بحق ہو گیا۔
کوئٹہ مختلف حادثات میں 6افراد جاں بحق 7 زخمی
وقتِ اشاعت : May 17 – 2018