کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے صوبائی حکومت محض اعلانات پر یقین نہیں رکھتی ، صوبے کی عوام آئند ہ انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت استعمال کرتے ہوئے ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو انکی توقعات پر پورا اتر سکیں۔
صوبے کی خواتین کو مخصوص نشستوں پر انحصار کرنے کے بجائے انتخابات لڑ کر اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کرنی چاہئے۔ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہماری حکومت نے تعلیم کے شعبہ کیلئے 54 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ بلوچستان بھر میں 1800 شٹر لیس اسکولوں کی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی ۔ نامساعد حالات میں فرائض سرانجام دینے والی نرسز کو وظیفہ، ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس، ایڈہاک نرسز کی مدت ملازمت میں توسیع سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرینگے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز کالج میں پانچ سو طالبات میں لیپ ٹاپ کے تقسیم اور آفیسرز کلب میں نرسنگ کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھاکہ عدالتی پابندی کی وجہ سے ہم وہ کام نہیں کرسکے جو ہم کرنا چاہتے تھے تاہم جو وعدہ کئے تھے ان کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہم نے ان منصوبوں کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کردیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے گرلز کالج کو کمپیوٹر کی فراہمی، لیپ ٹاپ ملٹی میڈیا سیکورٹی کے نظام ، کیمرؤں کی تنصیب اور لیبارٹیز کی مرمت کے لیے ایک کروڑ روپے مختص کئے ہیں جبکہ بجٹ میں کوئٹہ کینٹ گرلز کالج کیلئے ڈیجیٹل لائبریری کی منظور دی گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے زیادہ سے زیادہ گرلز کالجز کی طالبات کولیپ ٹاپ دینے کا مقصد بچیوں میں تعلیم سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ تعلیم کی طرف مائل ہوکر اپنی پڑھائی پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جس معاشرے میں تعلیم کو اہمیت حاصل ہوتی ہے وہ معاشرہ ترقی کی جانب بڑھتا ہے ۔ہمارے صوبے کی بچیاں بہتر تعلیم حاصل کریں گی تو ایک بہتر معاشرہ تشکیل پائے گا ان کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ صوبے کے طلباء وطالبات پڑھ لکھ کر صوبے اور ملک کی خدمت کریں ۔ صوبے میں پہلی مرتبہ تعلیم کے لیے 28 فیصد بجٹ مختص کیا گیا ہے ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی 60 فیصد آبادی پر مشتمل خواتین کو چاہئے کہ وہ عوامی خدمت کیلئے آئندہ انتخابات میں اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر انحصار کرنے کی بجائے انتخابات میں حصہ لیکر اسمبلی تک رسائی حاصل کرکے اپنے عوام کی نمائندگی کریں ۔ اور پڑھی لکھی بچیاں انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے اپنے ووٹ کی طاقت سے ان نمائندوں کا انتخاب کر یں جو ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر صوبے اور عوام کے بہتر مفاد میں کام کریں ۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اسمبلی میں موجود اپنے خاندان کی تیسری نسل ہوں اس سے پہلے میرے والد اور داد ان اسمبلیوں میں رہ چکے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے حلقہ میں مردوں کی نسبت خواتین سب سے زیادہ ہم پر اعتماد کا اظہار کرتی ہیں ۔ جب انتخابات میں میرے والد صاحب حصہ لیتے تو الیکشن کے دن خواتین روزہ رکھ کر ننگے پاؤں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ اسٹیشن کا رخ کرتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے صوبے کی ترقی و خوشحالی اوربلاامتیاز عوامی خدمت کا ہمارا سلسلہ آئندہ بھی جاری رئیگا ۔ دریں اثناء نرسز کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ عددی برتری پر نہیں معیار پر یقین رکھتے ہیں ۔ بلوچستان میں شعبہ صحت سے منسلک نرسز انتہائی نامساعد حالات کے باوجو داپنے فرائض خندہ پیشانی سے سرانجام دے رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج یہاں آکر ان مسائل سے آگاہی ملی جن کا کبھی کسی کو پتہ تک نہیں تھا ۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمارے معاشرے میں ہر ایک اپنے مسائل اور ان کے حل کا سوچتے ہوئے دوسرے کے مسائل کا نہیں سوچھتا ۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے نرسز اپنے غم کو بھلا کر عوامی خدمت کو سرانجام دیتی رہیں گی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے نرسز کو درپیش مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی ۔
اعلانات پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں عوام الیکشن میں بہترامیدواروں کا انتخاب کریں، قدوس بزنجو
![]()
وقتِ اشاعت : May 17 – 2018