لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) خلائی مخلوق کو شکست دے گی اور غیر جمہوری مخلوق کا کردار نہیں رہے گا۔
لاہور میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوقت بنایا، سی پیک دیا، انہوں نے اپنے حالیہ بیان میں ایک ایسی نشاندہی کی جسے بھارتی میڈیا نے اچھالا، انہوں نے غیرریاستی عناصر کی بات کی لیکن ان کے الفاظ کو اپنے معنی پہنائے گئے ہیں، مخصوص لابی نے نوازشریف کو نشانہ بنایا، مسلم لیگ (ن) اپنے قائد نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے، اس بار نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) خلائی مخلوق کو شکست دے گی اور غیر جمہوری مخلوق کا کردار نہیں رہے گا۔
وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ چیرمین نیب معاملات کو درست کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ان کے ماتحت وہی لوگ ہیں جو ماضی میں تھے، سندھ میں سب کوکلین چٹ دی جارہی ہے پنجاب میں نیب کا سورج سوا نیزے پر جبکہ سندھ میں اوپر ہے، اگر مظفر ٹپی، پیر مظہر الحق اور فریال تالپور صادق و امین ہیں تو یہ قیامت کی نشانی ہے۔
صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ لوٹا ساز فیکٹریوں سے لوٹے پی ٹی آئی میں شامل کروائے جارہے ہیں بینرز لگانے والی سول سوسائٹی کون ہے سب کو معلوم ہے، ہماراخیال تھا کہ شاید ان لوٹوں پر جمہوریت کا رنگ چڑھ جائے، (ق) لیگ کی طرح اب پی ٹی آئی کو بھی (ق) لیگ بنایا جارہا ہے، سب کو معلوم ہے کہ لوٹے ساز فیکٹریوں سے لوٹے کون لارہا ہے اور کہاں ملاقاتیں ہورہی ہے۔ پورا گاؤں بھی مرجائے تو بھی عمران خان کی باری نہیں آئے گی۔