|

وقتِ اشاعت :   May 22 – 2018

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دن دیہاڑے دو ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یر غمال بنا کر گھر سے تقریبا50 لاکھ روپے مالیت کے زیورات ، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے تھانہ گوالمنڈی کی حدود میں عارف روڈ پر رہائش پذیر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے چیف ویلفیئر افسر ضیاء الحق کے گھر میں دو نامعلوم مسلح ڈاکو گھس آئے اور گھر میں موجود خواتین کو ایک کمرے میں بند کر کے یر غمال بنا کر گھر میں لاکرز اور الماریوں کے تالے توڑ کر ان سے طلائی زیورات، نقدی ، گھڑیاں اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے ۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کی ناکہ بند ی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی بتایا جاتا ہے کہ ڈاکو تقریباً50 لاکھ روپے مالیت کا سامان لے گئے ہیں ڈی ایس پی قائد آباد سید عاصم شاہ نے بتایا کہ دو نامعلوم ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر خواتین کو اسلحہ کے زو رپر یر غمال بنا کر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے ہیں پولیس نے رپورٹ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ۔