|

وقتِ اشاعت :   May 23 – 2018

 اسلام آباد: تحریک انصاف کی ناراض رہنما فوزیہ قصوری نے پارٹی پالیسیوں اور فیصلوں سے اختلافات کے باعث پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ 

پی ٹی آئی کے بانی ارکان میں شامل فوزیہ قصوری نے اپنا استعفیٰ چیئرمین عمران خان کو بھیج دیا ہے۔ پارٹی چیئرمین کو لکھے گئے استعفے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں تبدیلی کے خواہشمند لاکھوں لوگوں نے تحریک انصاف سے امیدیں وابستہ کیں تاہم 2013 کے بعد پارٹی اپنے راستے سے دور ہوتی گئی، آپ نے پارٹی ان لوگوں کے سپرد کر دی جن کے خلاف ہم نے جدوجہد شروع کی تھی جب کہ پارٹی کے کارکنوں نے جانیں تک دیں لیکن انہیں نظر انداز کیا گیا، میرے لیے پارٹی کے حالیہ فیصلوں کا دفاع ممکن نہیں۔ 

فوزیہ قصوری نے لکھا کہ تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے سیاسی کیریئر شروع کرنے کا موقع دینے پر آپکی مشکور ہوں اور امید ہے آپ وزیراعظم بن کر تبدیلی کا وعدہ پورا کریں گے۔

بعدازاں ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے فوزیہ قصوری نے کہا کہ میں نے استعفی اس لئے دیا کہ پارٹی درست سمت میں نہیں جارہی مجھے نہیں معلوم تھا کہ عمران خان صاحب اصل تبدیلی نہیں اقتدار تبدیلی کی بات کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان جن پارلیمنٹرینز پر لعنت بھیجتے تھے انہیں چن چن کرپارٹی میں لائے ہم نے 22 سال پہلے ایسی تبدیلی کے لئے گلیوں میں دھکے نہیں کھائے تھے اور ورکز کو کہتی ہوں پارٹی کو نہیں اپنے امیدوار کو ووٹ دیں۔