|

وقتِ اشاعت :   May 23 – 2018

 اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور لیاقت جتوئی سمیت دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظور دے دی۔

نیب اعلامیہ کے مطابق چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف اداروں اور منصوبوں میں کرپشن کی تحقیقات اور ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق وزیر پانی و بجلی لیاقت جتوئی، سابق سیکرٹری وزارت پانی و بجلی اسماعیل قریشی و دیگرکے خلاف  کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی، ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو 2 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچانے کے الزامات ہیں۔

اجلاس میں میٹرو بس ملتان منصوبے کیلئے زمین کی غیر قانونی خریداری و ٹھیکے دینے کی تحقیقات کی منظوری کے ساتھ ساتھ سی ڈی اے افسران اور پارک لائن اسٹیٹ کمپنی کیخلاف محکمہ جنگلات کی زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات کی منظوری بھی دی گئی۔

اسی طرح نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی لاہور سہیل عمرو دیگر کے خلاف تحقیقات عدم ثبوت پر بند کرنے کی منظوری جب کہ ای او بی آئی انتظامیہ اور بینک آف پنجاب کے خلاف غیر قانونی حصص خریداری کی انکوائری کی منظوری دی، لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ کراچی کے افسروں کیخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے سابق معاون خصوصی پہلاج مل کیخلاف انکوائری اورکوئٹہ سے سابق ایم این اے ناصر شاہ و دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔