کراچی کے علاقے ملیر جناح اسکوائر کے قریب 11 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والے ملزم کو علاقہ مکینوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
متاثرہ بچی کی بہن نے جیو نیوز کو بتایا کہ اس نے اپنی چھوٹی بہن کو برگر لینے دکان پر بھیجا تھا، ‘ہم اکثر وہاں سے برگر وغیرہ منگواتے ہیں’۔
بہن کے مطابق ‘جب ایک گھنٹے تک چھوٹی بہن واپس نہ آئی تو ہم پریشان ہوگئے اور پھر میں محلے کے بچوں کے ساتھ وہاں گئی تو میں نے یہ منظر دیکھا’۔
متاثرہ بچی کی بہن کے مطابق انہیں صرف انصاف چاہیے اور ملزم کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔
پولیس کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ملزم کو کل ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔