|

وقتِ اشاعت :   May 24 – 2018

 کراچی: سمندری ہوائیں بحال ہونے سے گزشتہ کئی روز سے جاری گرمی کی لہر کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

کراچی میں گزشتہ کئی روز سے شدید گرمی کی لہر نے شہریوں کی زندگی اجیرن کرردی تھی تاہم سمندری ہوائیں بحال ہونے سے شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 5 روز بعد سمندر کی جانب سے چلنے والی ہوائیں بحال ہوگئی ہیں، جس کی وجہ سےدوپہر3 بجے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم ہیٹ انڈیکس(گرمی کی شدت)40 درجہ سینٹی گریڈ محسوس کی جارہی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد ہے، جبکہ سمندری ہوائیں 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو گرمی کی شدت میں خاصی حد تک کمی ہوگی تاہم خدشہ ہے کہ پیر سے کراچی سمیت سندھ کے جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت ایک مرتبہ پھر بڑھ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ امسال شدید گرمی کی لہر سے متعلق آگہی ہونے کے باعث شہریوں نے احتیاطی اقدامات کے تحت شدید گرمی میں کام کرنے اور باہر نکلنے سے گریز کیا ہے۔