اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے گورنر اسٹیٹ بینک کو خط میں انتخابی امیدواروں کے لئے خصوصی اکاؤنٹ کھولنے میں معاونت کی ہدایت جاری کی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر اسٹیٹ بینک کو خط لکھا گیا ہے جس میں گورنر اسٹیٹ بینک کو کہا گیا ہے کہ وہ انتخابات 2018 میں حصہ لینے والے امیدواروں کے خصوصی اکاؤنٹ کھولنے میں معاونت کریں۔
الیکشن کمیشن نے گورنر اسٹیٹ بینک سے کہا ہے کہ قانون کے مطابق انتخابی امیدوار خصوصی بینک اکاؤنٹ کے علاوہ انتخابی اخراجات نہیں کرسکتے لہذٰا امیدواروں کو 2 سے 6 جون کے درمیان اکاؤنٹ کھولنے میں مدد فراہم کی جائے اور اس حوالے سے اسٹیٹ بینک تمام متعلقہ بینکوں کو ہدایات جاری کرے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کے جائزے کے لیے غیر ملکی مبصرین سے درخواستیں مانگ لی ہیں، الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق غیر ملکی شہری الیکشن 2018 کی نگرانی کرسکتے ہیں، غیر ملکی مبصرین دفتر خارجہ کے ذریعے درخواستیں دیں، انہیں وزارت داخلہ سے سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ایکریڈیشن کارڈز جاری ہوں گے۔