|

وقتِ اشاعت :   June 3 – 2018

 راولپنڈی: افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے باجوڑ اور بلوچستان کے علاقے قمر دین کاریز میں پاک فوج کے جوانوں پر حملے کیے جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان سرحد سے دہشت گردوں نے خیبرپختون خوا کے علاقے باجوڑ اور بلوچستان میں قمر دین کاریز میں سرحدی چوکیوں اور باڑ لگانے والے فوجی جوانوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایف سی کے 4 اور پاک فضائیہ کا ایک جوان زخمی ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سرحد پار سے باجوڑ میں 24 گھنٹوں کے دوران 7 حملے کئے گئے، سیکیورٹی فورسز نے باڑ کی تنصیب اور سرحدی چوکیوں کے قیام سے روکنے کی دہشت گردوں کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد افغانستان میں حکومتی عملداری نہ ہونے کا فائدہ اٹھا کر پاکستان پر حملے کر رہے ہیں لیکن پاکستان تمام چیلنجز کے باوجود سرحدوں کو محفوظ  بنانے کے لیے باڑ کی تنصیب اور سرحدی چوکیوں کے قیام کا کام جاری رکھے گا۔