کوئٹہ : دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل بلوچستان میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ،کئی ہفتے گزرنے کے باوجود صوبائی وپارلیمانی بورڈ اور اضلاع کی سطح پر تنظیم سازی کا عمل مکمل نہ ہوسکا ۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات کا شیڈول اعلان ہونے اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخوں کا اعلان کرنے کے باوجود متحدہ مجلس عمل بلوچستان کی پارلیمانی بورڈ کا قیام عمل میں نہیں لایا جاسکا ۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں صوبائی وقومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے مشترکہ طورپر الیکشن لڑنے کی بجائے جمعیت علماء اسلام اور جماعت اسلامی نے اپنے اپنے طورپر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے ۔
واضح رہے کہ مرکزاور دیگر صوبوں میں ایم ایم اے نے ضلعی ،صوبائی ومرکزی سطح پر پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا ہے جو ایم ایم اے کے قومی وصوبائی اسمبلیوں امیدواروں کیساتھ مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی نامزدگی کرے گی ۔
مگر بلوچستان میں صوبائی پارلیمانی بورڈ اور اضلاع میں ایم ایم اے کی تنظیم سازی کا عمل تاحال مکمل نہ ہوسکا جس کی وجہ سے بلوچستان میں ایم ایم اے کو الیکشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جبکہ جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام کے الگ الگ امیدوار میدان میں اتارنے سے دینی حلقوں کا ووٹ بینک متاثر ہوگا جس کا فائدہ قوم پرستوں ودیگر سیاسی جماعتوں کو ملے گا۔
مجلس عمل بلوچستان میں اختلافات شدت اختیار کر گئے، تنظیم کا ری کا عمل رک گیا
وقتِ اشاعت : June 3 – 2018