|

وقتِ اشاعت :   June 5 – 2018

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(او جی ڈی سی ایل)اور کویت فارن پیٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی کے درمیان تزویراتی تعاون کے سلسلے میں معاہدے کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے جس کے تحت مستقبل میں ایکسپلوریشن اور پروڈکیشن کی شعبے میں دونوں کمپنیاں ایک دوسرے کو تعاون فراہم کریں گی جس سے عالمی افق پر دونوں کمپنیوں کی پیداواری صلاحتیوں میں اضافہ ممکن ہو گا ۔

باہمی تعاون کے اس معاہدے پر کویت فارن پیٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی کی جانب سے ریجنل منیجر برائے ساؤتھ ایشیا نواف ایس السلم اور او جی ڈی سی ایل کی جانب سے منیجنگ ڈائر یکٹر زاہد میر نے دستخط کئے اس معاہدے کے تحت دونوں کمپنیاں پاکستان وسط اشیاء اور دیگر ممالک میں تلاش اور دریافت کے میدان میں ایک دوسرے کو تعاون فراہم کریں گی ۔

اس معاہدے کے پیش نظر کویت فارن پیٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی او جی ڈی سی ایل کو اپنے بین الاقوامی اثاثہ جات اور بلاکوں میں اشتراک کار کے مواقع فراہم کرے گی جس کے جواب میں او جی ڈی سی ایل نے بھی پاکستان میں کویت فارن پیٹرولیم ایکسپلورپشن کمپنی کے ساتھ ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔

دونوں کمپنیاں مستقبل میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کو تعاون فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اشتراک کار کے اصولوں پر کار بند رہیں گے یاد رہے کہ او جی ڈی سی ایل پاکستان کی سب سے بڑی آئل ایکسپلوریشن کمپنی ہے جبکہ کویت فارن پیٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی ایک بین الاقوامی کمپنی ہے جو خام تیل کی ایکسپلوریشن ڈویلپمنٹ اور پروڈکشن سے وابستہ ہے اور دنیا کے پانچ براعظموں یعنی آسٹریلیا ایشیاء افریقہ شمالی امریکہ اور یورپ کے کم و بیش چودہ ممالک میں فعال ہے ۔

اس معاہدے کے تحت انتہائی مستحکم مالی پس منظر کی حامل دونوں ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنیاں ایک دوسرے کے تکنیکی علوم اور تجربات کے تبادلے سے نا صرف استفادہ حاصل کریں گی بلکہ دونوں کمپنیوں کے مابین یہ اشتراک کار بین الاقوامی پیداوار میں بھی اضافے کا باعث بنے گا۔