اسلام آباد: ملک کے مختلف اضلاع میں ہونے والی بارشوں اور ژالہ باری نے موسم ٹھنڈا اور خوشگوار بنادیا۔
شدید گرمی کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش نے ناصرف گرمی کی شدت کو کم کردیا بلکہ موسم خوشگوار اور ٹھنڈا ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع سوات کے مختلف علاقوں مینگورہ، خوازہ خیلہ، اور بری کوٹ میں میں ہلکے بادل چھانے کے بعد بارش نے گرمی کا زور ٹوڑ دیا ، تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ مینگورہ سمیت ضلع بھر میں بادل چھا گئے جب کہ مٹہ اور خوازہ خیلہ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری نے موسم خوشگوار اور ٹھنڈا کردیا۔ مانسہرہ اور اس کے گردونواح میں بھی شدید ترین گرمی کے بعد موسلا دھار اور مسلسل بارش سے روزہ داروں اور گرمی کے ستائے عوام کے چہرے کھل اٹھے جب کہ بعض مقامات پر ژالہ باری سے موسم ٹھنڈا ہوگیا۔
سیروتفریح کے لیے مشہور ضلع مری کو صبح سے کالی گھٹاؤں نے ملکہ کوہسارکواپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا اور دوپہر ہوتے ہی ملکہ کوہسار میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش ژالہ باری شروع ہوگئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بالاکوٹ ایبٹ آباد اور راولا کوٹ میں بھی شدید آندھی اور بارش کے ساتھ ژالہ باری نے موسم خوشگوار بنادیا اور گرمی کی شدت کم ہونے سے روزہ داروں کے چہروں کھل کھلا اٹھے۔