کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہر قسم کے مشکلات اور مسائل سے نجات صرف اور صرف مسلسل منظم اور متحد ہوکر جدوجہد میں ہے ،پشتون قوم اور پشتونخوا وطن کے تمام عوام کو بالخصوص محکوم قوموں اور ملک کے عوام کو بالعموم جن سنگین بحرانوں اور مشکلات کا سامنا ہے ۔
اس سے نجات کیلئے ملک میں حقیقی وفاقی پارلیمانی نظام کو قائم رکھتے ہوئے شفاف انتخابات کا بروقت انعقاد جمہوریت کے استحکام ، آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی ، قانون کی حکمرانی ، قوموں کی برابری کو عملاً تسلیم کرانے اور ہر شعبہ زندگی میں بلاتمیز تمام عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں سمیت سماجی انصاف پر مبنی نظام دینے میں ہیں۔
اس کے بغیر کوئی چارہ اور راستہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے صوبائی سینئر نائب صدر سنیٹر سردار اعظم موسیٰ خیل ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز محمد عیسیٰ روشان ، سید شراف آغانے پشین ، پارٹی کے صوبائی نائب صدرعبدالقہار خان ودان نے ضلع لورالائی و ضلع موسیٰ خیل اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر حامد خا ن اچکزئی ، علاؤالدین کولکوال نے ضلع قلعہ عبداللہ کی ضلعی کمیٹیوں کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
ضلعی کمیٹیوں کے اجلاسوں میں 25جولائی کے عام انتخابات کے سلسلے میں مختلف امور پر فیصلے کےئے گئے ۔ پارٹی عہدیداروں اور کمیٹی کے اراکین نے بھرپور انداز میں اجلاسوں میں شرکت کرکے آنیوالے انتخابات کے سلسلے میں تجاویز مرتب کیں۔
مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے عہدیداروں ، کارکنوں اور ہمارے غیور عوام نے ہمیشہ ہرقسم کے ظلم وجبر ناانصافی کے خلاف تاریخ ساز جدوجہد کرتے ہوئے اپنے وطن اور قوم اور تمام مظلوم عوام کے حقوق واختیارات کے حصول کیلئے مسلسل قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ایک ہی روز کے نوٹس پر کامیاب منظم اعلیٰ جمہوری رویے پر مبنی اجلاسوں کے انعقاد اور احتجاجی مظاہروں میں عوام کی بھرپور شرکت قابل تحسین اور قابل تقلید ہے۔
اور پشتونخوامیپ نے ہمیشہ ایک منظم پارٹی کی حیثیت سے پشتون قومی تحریک کے ہر اول دستے کی حیثیت سے قومی اہداف کے حصول اور قومی مفادات کے تحفظ کی جدوجہد میں رہنماء کردار ادا کیا ہے۔
اور محکوم قوموں اور مظلوم عوام کے حقوق واختیارات کے حصول یعنی عوام کے حق حکمرانی کو یقینی بنانے اور بلا تمیز تمام عوام کے سرومال کے تحفظ اور جمہوریت کے استحکام کیلئے ان کی جدوجہد ہر کسی سے زیادہ ہے اور پشتونخوامیپ نے اپنے محبوب قائد پارٹی چےئرمین محمود خان اچکزئی اور پارٹی قیادت کی رہنمائی میں ہر قسم کی گھمبیر حالات میں پشتونخوا وطن کی قومی وحدت اور قومی تشخص پر مبنی قومی پشتون خودمختیار صوبے کے قیام اس صوبے میں قومی برابری تسلیم کرانے ، جنوبی پشتونخوا صوبے کی بحالی ، پشتونخوا وطن کے تمام وسائل پر قومی اختیار حاصل کرنے ، تمام ملک میں پشتونوں سمیت تمام عوام کی سرومال کی تحفظ کیلئے جدوجہد کے ساتھ ساتھ پشتونخوا وطن کے ہر علاقے کی ترقی وخوشحالی اور پر امن زندگی کے حصول کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ۔
مسائل سے نجات منظم ومتحد جدوجہد میں ہے، پشتونخوامیپ
وقتِ اشاعت : June 7 – 2018