|

وقتِ اشاعت :   June 9 – 2018

 کراچی: سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف نے این اے 247 کراچی سے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔

پرویز مشرف نے کراچی کے حلقہ این اے 247 صدر اور آرام باغ سے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔ اس نشست پر پرویز مشرف کا مقابلہ ایم کیو ایم کے فاروق ستار، تحریک انصاف کے عارف علوی، پاک سرزمین پارٹی کے مصطفی کمال، جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن اور پیپلز پارٹی کے عزیز میمن سے ہوگا۔ این اے 247 کراچی جنوبی سے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی ان کے نمائندے نے وصول کیے اور کاغذات دستخط کرانے کے لیے دبئی روانہ کردیے گئے ہیں۔

گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی معطل کرتے ہوئے انہیں الیکشن میں حصہ لینے کےلیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دے دی ہے۔ چیف جسٹس نے وطن واپسی پر پرویز مشرف کو گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

سابق فوجی صدر پرویز مشرف آئین شکنی اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے قتل کے مقدمے سمیت چار مقدمات میں اشتہاری ہیں۔ مختلف عدالتوں نے ان مقدمات میں ملزم پرویز مشرف کی جائیداد قرق کرنے کے احکامات بھی جاری کر رکھے ہیں۔