نوشکی: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و پی بی 33سے نامزد امیدوار میر بابورحیم مینگل نے کہاہے کہ بی این پی عوام وصوبے کے مفادات کے تحفظ کے لئے انتخابی میدان میں اتری ہے۔
عوام کے بھرپور طاقت وحمایت سے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریگی،ہماری ترجیحات تعلیم ،صحت ،زراعت ،گلہ بانی کا فروغ ہیں بی این پی کے انتخابی منشور کا بھی حصہ ہیں ،بی این پی نے عوام کی ہمیشہ خدمت کی ہے۔
،حکومت میں رہے یا نہ رہے ہم نے پانچ سالوں کے دوران غریب وغرباء کے مسائل حل کئے ہیں ،اور پارٹی آفس لوگوں کے مشکلات ومسائل کے حل میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے ،عوامی خدمت ہمارے سیاست کا حصہ ہے ،اقتدار میں رہے یا نہ رہے عوام کی خدمت اولین ترجیح ہوگی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کے بعد میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا،اس سے قبل وہ پارٹی آفس سے سینکڑوں افراد،کارکنوں وہمدردوں کے ہمراہ جلوس کی شکل میں روانہ ہوئے،کارکنان نے پارٹی پرچم اٹھا کر زبردست نعرے بازی کرتے رہے۔
میر بابورحیم مینگل نے کہاکہ عوام موسمی پرندوں اور نمائندوں کو مسترد کردیں جو صرف آج نظر آتے ہیں اور پھر پانچ سالوں کے لئے عوام سے غائب ہوجاتے ہیں اور بعد میں مدت پوری ہونے کے بعد نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر مالک اور سردار ثناء اللہ زہری کے پانچ سالہ دور حکومت میں عوام کے لئے کچھ نہیں کیاگیا،عوام کے لئے بڑے بڑے فنڈز جاری تو ہوئے مگر عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں ،سابقہ ادوار میں سپورٹس ،میڈیکل اور اسکالرشپ فنڈ صرف پانچ ،پانچ لاکھ تھی مگر اسکے بعد تین کروڑ فنڈ ہوتی تھی اس کے علاوہ اور بھی بڑے بڑے فنڈز آئے جو صرف کاغذات میں تو موجود ہیں مگر لوگ جاکر چیک کریں کہ آیا واقعی یہ اسکیمات گراؤنڈ پر اپنے جگہ موجود ہیں یا نہیں ۔
انہوں نے کہاکہ میرا نوشکی کے عوام اور کارکنان سے اپیل ہے کہ وہ حسب سابق بی این پی کے قومی اسمبلی کے امیدوار کو ہم سے زیادہ ووٹ دیں ،ہم غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں غریبی کی حالت میں اقتدار تک پہنچے ہیں ،ٖغریبی دیکھی ہے محلوں میں پلے بڑے نہیں ہیں ۔
بلوچستان نیشنل پارٹی میں ہم دوسالوں سے نہیں ہیں بلکہ ہماری پارٹی میں پچاس سالہ تاریخ گواہ دیتی ہے کہ نیپ دور سے پارٹی کے لئے قربانیاں اور خون دیتے رہے ہیں ،نوشکی کے عوام بلوچستان نیشنل پارٹی کو کامیاب بنائیں ،بی این پی بلوچستان کے عوام نجات دہندہ جماعت ہے ۔