|

وقتِ اشاعت :   June 11 – 2018

تربت: بلوچستان نیشنل پارٹی نے ضلع کیچ میں بھر پور انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ، قومی اسمبلی کے امیدوار معروف اسکالر دانشور جان محمد دشتی کی رہائش گاہ پر سیاسی سرگرمیاں عروج پر ، انتخابی عمل میں کی اس شروعات پر جان محمد دشتی کی رہائش گاہ پر مختلف ،مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی سیاسی سماجی اور ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بی این پی کی سیاسی میدان میں سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جان محمد دشتی اور میجر جمیل دشتی کی قیادت میں عوام جوق درجوق ان کی کامیابی کے لیے میدان عمل میں اتر آئے گی۔

ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والے ادیب وشاعر بر ملا اظہار کر رہے ہیں کہ وہ جان محمد دشتی کی کامیابی کو بلوچ دانش اور حقیقی قوم پرستی کی کامیابی گردانتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر کاوشیں بروے کار لائیں گے ۔

اس موقع پر بلوچ ادیب اوردانشوروں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کوجان محمد شتی اور میجر جمیل احمدد شتی کی شکل میں وہ لیڈر مل گئے ہیں جن کی انہیں سالہا سال سے تلاش تھی ۔

انہوں نے کہا کہ قوم اس مرتبہ جان محمد دشتی اور دیگر پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے سر توڑ کوششیں بروئے کارلاتے ہوئے اپنی قوم ،زبان ،ادب اور شناخت وسرزمین سے دلی انس و محبت کا اظہار کریں ، جان محمد دشتی کی تربت میں رہائش گاہ پر موجود سماجی حلقوں کی ایک بڑی تعداد نے نے بھی ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم آج ایک دوراہے پر کھڑی ہے اور ایک ایسی سیاسی سراسیمگی کا شکار ہے جہاں اسے ایک اچھے سیاسی لیڈراور مدبرراہنماکی ضرورت ہے ۔

آج جان محمد شتی کی شکل میں وہ لیڈر قوم کو مل گیا ہے اور اب یہ قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے لیڈر کی پہچان کریں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انہیں کامیابی کی دہلیز تک پہنچا ئیں تا کہ وہ ان کی رہنمائی کے فرائض سرانجام دے سکیں۔ 

اس موقع پر حلقہ پی بی 47دشت،مند اورگوکدان میجرجمیل دشتی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمارا ہدف بلوچ سیاست ،بلوچ ادب و ثقافت اور شناخت ہے اور متوقع انتخابات میں بھر پور حصہ لے کر قوم کو ان کے حقیقی رہنماؤں سے متعارف کرائیں گے انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی پارٹی سے کوئی دشمنی نہیں ہے اور بلکہ ہمارا ہدف یہ ہے کہ قوم خود اچھے اور برے کی تمیز کرے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ سیاست بلوچ مفادات کے محور سے ہٹ کرمحض کاروباراوربلوچ وسائل کاسوداکرنے کاایک منافع بخش کاروبار بنا رکھا ہے ،2018 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی سمیت تمام صوبائی اسمبلی کی نشستوں پربلوچستان نیشنل پارٹی اپنے امیدوارکھڑی کریگی ۔

بلوچ عوام بلوچستان نیشنل پارٹی کے امیدواروں کوجتنے ووٹ دیں گے وہ حقیقی ووٹ ہوں گے ، بلوچ عوام کے ووٹوں پرشبخون مارناجمہوری روایات اوراس کی روح پروارکرکے اسے عوام کے خلاف مسلط کرناہے ،اوراس عمل کوپارٹی کسی طوربرداشت نہیں کریگی۔