اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے گزشتہ روز آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کے اعلان کے بعد آج مسلم لیگ نواز کے رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ چوہدری نثار اپنی مرضی کے مالک ہیں۔
پرویز رشید سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا چوہدری نثار کو پارٹی ٹکٹ دے رہی ہے؟
اس کے جواب میں سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار نے ٹکٹ مانگا ہی نہیں ہے۔
اس پر صحافی نے سوال کیا کہ چوہدری نثار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑرہے ہیں جس کے جواب میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار آزاد الیکشن لڑیں یا خلاف ان کی صوابدید ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب کوئی ٹکٹ مانگتا ہے تواسے ٹکٹ دیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ روڈ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے آزار حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔
سابق وفاقی وزیر نے اپنی جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف میں 10 اور ن لیگ میں 100 سے بھی زائد خامیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ بہت کچھ کہہ سکتے ہیں لیکن انہیں 34 سال کی رفاقت کا خیال آجاتا ہے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن میں چوہدری نثار کو پارٹی ٹکٹ دینے کے حوالے سے نواز شریف اور شہباز شریف میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف چوہدری نثار کو پارٹی ٹکٹ دینے کے حق میں ہیں جب کہ نواز شریف کا کہنا ہے کہ جب تک چوہدری نثار پارٹی ٹکٹ کے لیے اپلائی نہ کریں تو انہیں ٹکٹ نہ دیا جائے۔
چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 59 اور صوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں پی پی 10 اور 12 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔