|

وقتِ اشاعت :   June 12 – 2018

حب:  سابق صوبائی وزیر بلوچستان امیدوار حلقہ این اے 272پرنس احمد علی بلوچ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کا قیام بلوچستان سے احساس محرومی کا خاتمہ کرنا اپنے فیصلے اپنے ہی علاقے میں کرنے کی سوچ رکھتے ہیں لاڑکانہ ،جاتی امرا ،بنی گالا جانے کے بجائے اپنے فیصلے بلوچستان میں ہی کریں صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ لانا بھی بلوچستان کیلئے ایک اعزاز ہے ۔

پارٹی منشور پر کافی جدوجہد کی گئی ہے 2013سے مرکز کی جانب سے بلوچستان کو جو حصہ ملنا تھا وہ نہیں ملا آج دنیا کے اندر سی پیک کی وجہ سے بلوچستان بالخصوص گوادر کی ایک پہچان ہے اور اس وقت دنیا بھر میں گوادر کو اہمیت دی جارہی ہے ۔

سراج رئیسانی اور آغا شکیل درانی کی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت سے واضح ہوگیا ہے کہ بلوچستان کی عوام بی اے پی کے ساتھ ہے میں سمجھتا ہوں میر عبدالقدوس بزنجو بی اے پی کا حصہ ہیں اگر نہیں ہوتا تو وضاحت کردیتے اس دفعہ وہ بی اے پی کی پارٹی ٹکٹ سے الیکشن لڑرہے ہیں یا نہیں وہ معلوم نہیں ۔

انشاء اللہ حالیہ الیکشن میں تیس سے زائد نشستیں بی اے پی کے حصہ میں آئیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سردار رسول بخش برہ کی رہائش گاہ پر افطار ڈنر کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی حلقہ این اے 272اور حلقہ پی بی 50پر کاغذات نامزدگی جمع کرالیئے ہیں اور فیصلہ جام میر کمال خان عالیانی اور سردار محمد صالح بھوتانی کے ہاتھ میں ہوگا وہ اپنی مشاورت کے بعد فیصلہ کرینگے وہ جس کو بھی نامزد کرینگے ہمیں وہ قبول ہوگا اور اس کی بھرپور حمایت کی جائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ ،جاتی امرا ،بنی گالا جانے کے بجائے ہم اپنے فیصلے اپنے ہی گھر میں کریں اس لیئے بلوچستان عوامی پارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور باپ پارٹی جلد پورے ملک میں فعال ومضبوط بن جائیگی اور بلوچستان میں بڑے بڑے سیاسی شخصیات شمولیتیں اختیار کررہے ہیں اور صادق سنجرانی کا چیئرمین سینیٹ ہونا بی اے پی کی ایک بڑی کامیابی ہے ۔

اب بلوچستان کی آواز باآسانی سے مرکز تک پہنچ سکتی ہے اور بلوچستان کو اپنے جائز حقوق ضرور ملیں گے انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم وصحت کے شعبوں میں ترقی لانا ہماری اولین ترجیح ہے ہم چاہتے ہیں ہمارے نوجوان نسل لکھ پڑھ کر آگے آئیں اور سی پیک سے بہتر انداز میں مستفید ہوسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے پوری دنیا میں بلوچستان کا چرچہ ہے اور اور اس سی پیک سے بلوچستان ترقی وخوشحالی کی نئی راہ ہموار کریگا انہوں نے کہا کہ گوادر میں پانی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے جامعہ منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ ہمیشہ لسبیلہ و بلوچستان کی بہتری کیلئے جدوجہد کی ہے اور وہ جدو جہد الحمد اللہ اب بھی جاری ہے اور الیکشن میں کامیاب ہوکر مشن کو آگے بڑھایا جائیگا ۔